جب آخری کارڈ دکھانے کی باری آئے گی اس وقت بھی قوم بھرپورساتھ دے گی: سینئر رہنما پی ٹی آئی
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کی سینئر رہنما مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ قید و بند کی صعوبتوں کے باوجود عمران خان کے عزم و حوصلے کو دیکھ کر ملک و قوم کیلئے جاری جدوجہد کو مزید تقویت ملی ہے ،عمران خان سے طویل عرصے بعد ملاقات ہوئی جس میں انہوںنے اپنے اوپر ہونے والے مظالم کا ذکر نہیں کیا بلکہ وہ اپنے کارکنان کے بارے میں فکر مند تھے۔ اپنے بیان میں مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ عمران خان نے پیغام دیا ہے قوم ہمت نہ ہارے، ہم حق پر ہیں اور ان شااللہ جدوجہد بھی جاری رکھیں گے ،شہدا ء کو انصاف دلانے کی ہر ممکن کوشش کریں گے، قوم نے پہلے بھی مجھے کبھی مایوس نہیں کیا اور جب آخری کارڈ دکھانے کی باری آئے گی تو اس وقت بھی قوم میرا بھرپور ساتھ دے گی اس لئے خود کو ذہنی طور پر تیار رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان حکومت کے اوچھے ہتھکنڈوں سے ہرگز خوفزدہ نہیں بلکہ انہوںنے ہمیں حوصلہ دیا جس سے ہمارے دلوں میں عمران خان کیلئے پائی جانے والی عزت میں مزید اضافہ ہوا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے 26دسمبر کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے 13دسمبر کو پشاور میں عظیم الشان اجتماع کی کال دی ہے جس میں آئندہ کا لائحہ عمل کا اعلان بھی کیا جائے گا۔
Daily Pakistan Online News, Sports, Blogs, Media

