بشری بی بی کیخلاف ڈیل کا جو بیانیہ بنایا گیا وہ دوبارہ سزا ،جیل کی صعوبتوںسے اڈیالہ میں ہی دفن ہو گیا ‘ مسرت چیمہ
اسلام آباد/راولپنڈی( ڈیلی پاکستان آن لائن) بانی پی ٹی آئی عمران خان نے پارٹی کی سینئر رہنما مسرت جمشید چیمہ کو بشری بی بی کا ترجمان مقرر کر دیا ۔ ایکس پر جاری اپنے بیان میں مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ میں بھرپور اعتماد کرنے پر بانی پی ٹی آئی عمران خان کی تہہ دل سے شکر گزار ہوں ،ہم نے جو قربانیاں پارٹی کے لئے دی ہیں وہ اس کی قدر کرتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے اڈیالہ جیل میں سب کے سامنے کہا کہ مسرت نے ہمیشہ محنت کی اور آگے بھی پارٹی کے لیے کام کرتی رہیںگی۔انہوں نے کہا کہ زمان پارک میں حملے کے دوران بھی میں مسرت چیمہ فرنٹ پر رہی، 9مئی کو میری گرفتاری کے بعد بھی میرے ساتھ موجود رہی اور ہمیشہ میڈیا کا کام بہت احسن طریقے سے کیا ۔9 مئی کے بعد مسرت چیمہ اور جمشید چیمہ کی قربانیاں ڈھکی چھپی نہیں۔ مسرت چیمہ نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے وہاں موجود پارٹی قیادت کو ہدایت دی کہ عہدیداران کو پیغام پہنچا دیں کہ مسرت جمشید چیمہ کے خلاف بیانات نہ دیں۔یاد رہے کہ مسرت جمشید چیمہ اس سے قبل عمران خان کے ترجمان کے طور پر بھی فرائض سر انجام دے چکی ہیں۔علاوہ ازیں اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے بشری بی بی کی ترجمان مقرر کر کے جو عزت دی ہے میں اس پر ان کی شکر گزار ہوں ، میں جب نو مئی کے مقدمات میں گرفتار ہوئی اس وقت بھی میرا عہدہ بانی پی ٹی آئی کی ترجمان کا تھا۔ ہم گزشتہ ایک دہائی سے پارٹی ورکر کی حیثیت سے کام کر رہے ہیں ، اللہ تعالیٰ کا لاکھ لاکھ شکر ہے کہ اس ذات نے ہمیں سرخرو کیا کہ آج بھی عمران خان کا اعتماد اسی طرح سے ہے جیسا پہلے تھا۔ مجھے جو ذمہ داری سونپی گئی ہے میں اس کے لئے انتھک محنت کروں گی ۔انہوں نے کہا کہ بشری بی بی کے خلاف ڈیل کا جو بیانیہ بنایا گیا وہ بشر ی بی بی کو دوبارہ سزا اور جیل کی صعوبتوںسے اڈیالہ میں ہی دفن ہو گیا ہے ۔
Daily Pakistan Online News, Sports, Blogs, Media
