وزیراعظم کی جانب سے ایف بی آر افسران کو کمزور ،جھوٹی بنیاد پر مقدمات بنانے پرسخت سزائوں کی تنبیہ کا خیر مقدم
لاہور( ڈیلی پاکستان آن لائن )پاکستان ٹیکس ایڈوائزرز ایسوسی ایشن نے وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے ایف بی آر افسران کو کمزور یا جھوٹ کی بنیاد پر مقدمات بنانے پرسخت سزائوں کی تنبیہ کا خیر مقدم کرتے ہوئے تجویز دی ہے کہ ایف بی آر کی کڑی مانیٹرنگ کے لئے خود مختار اتھارٹی کا قیام عمل میں آنا چاہیے ،ایف بی آر افسران کی جانب سے کارکردگی دکھانے اورخانہ پری کیلئے غلط اسیسمنٹ کر کے اربوں روپے کے کیسز بنائے جاتے ہیں جو عدالتوں اور اپیلوں میں جا کر صفر ہو جاتے ہیں ۔ایسوسی ایشن کے صدر میاں عبدالغفار اورجنرل سیکرٹری خواجہ ریاض حسین نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ افسران کو مراعات دینے کے اعلانات درست اقدام نہیں کیونکہ یہ افسران کی ڈیوٹی ہے کہ وہ ٹیکس چوری کو پکڑیں اور وصولی کر کے قومی خزانے میں جمع کرائیں۔ بھاری تنخواہیں اور مراعات لینے والے افسران کی بجائے حکومت ایمانداری سے ٹیکس دینے والوں کو مراعات دے اور ان کے لئے اسکیمیں لائے تاکہ دوسرے لوگ بھی انہیں دیکھتے ہوئے ٹیکس نیٹ میں شامل ہوں۔انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک بھر کی مختلف عدالتوں اور ٹریبونلز میں 4.7 ٹریلین روپے سے متعلق 33 ہزار 522 مقدمات زیر التوا ء ہیں جو لمحہ فکریہ ہے ۔ حکومت کو چاہیے کہ ان کیسز کے نتائج آنے پر غلط کیسز بنانے والے افسران کے خلاف کارروائی اور جن کے کیسز درست ہیں ان کی ستائش کی جائے۔
Daily Pakistan Online News, Sports, Blogs, Media
