ہر دوسرے روز نئے ایس آر اوز ، نوٹیفکیشن ،قوانین میں رد و بدل نے کاروبار کرنا مشکل بنا دیا
لاہور( ڈیلی پاکستان آن لائن )ریونیو ایڈوائزر زایسوسی ایشن کے چیئرمین عامر قدیر نے کہا ہے کہ معاشی ترقی اور کاروباری سر گرمیوں کے فروغ کے لیے شرح سود،انکم ٹیکس اور سیلز ٹیکس کو سنگل ڈیجٹ پر لانے کی ضرورت ہے، ایف بی آر کے ہر دوسرے روز جاری ہونے والے نئے ایس آر اوز ، نوٹیفکیشن اور قوانین میں رد و بدل نے کاروبار کرنا مشکل بنا دیا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے تاجروں کے نمائندہ وفد سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ سیلز ٹیکس چوری روکنے کے لیے پہلے ایس آر او 350 جاری کیا یا پھر 60دن میں پاسورڈ تبدیل کرنے کی نئی پالیسی آ گئی ،اب گڈز اور سپلائی کی تفصیلات فراہم کرنے کے قانون نے ٹیکس پیئر کے لئے نئی مشکلات کھڑی کر دی ہیں۔ انہوںنے کہا کہ سارا مہینہ ایف بی آر کی شرائط پوری کرنے میں گزر جاتا ہے ایسے میں کاروبار کیسے کیا جائے گا ۔انہوں نے کہا کہ سیلز ٹیکس میں چوری روکنے کا واحد حل یہ ہے کہ ان پٹ کا خاتمہ اور ٹیکس ریٹس کو سنگل ڈیجٹ میں لایا جائے جس کا کامیاب تجربہ پنجاب ریونیو اتھارٹی کورونا کے دوران مختلف سروسز کے ٹیکس ریٹس 16فیصد سے 5فیصد پر لا کر کر چکی ہے ، وفاق کو بھی ایسے تجربات کرنے کی ضرورت ہے ۔
Daily Pakistan Online News, Sports, Blogs, Media
