اسرائیل کے10سے زیادہ حملے ، ہونے والے نقصان کو کیمروں کی آنکھ نے محفوظ کر لیا
طرطوس(ڈیلی پاکستان آن لائن +این این آئی )اسرائیل نے گذشتہ شب آٹھ گھنٹے سے زیادہ تک شام کے ساحلی شہر طرطوس کو بم باری کا نشانہ بنایا۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق اس دوران میں زور دار دھماکے سنے گئے اور کئی مقامات سے آگ کے بلند و بالا شعلے اٹھتے دکھائی دیے۔اسرائیل نے 10 سے زیادہ حملے کیے جس کے نتیجے میں ہونے والے نقصان کو کیمروں کی آنکھ نے محفوظ کر لیا۔بم باری اتنی شدید تھی کہ حملے کا نشانہ بننے والے علاقے ریکٹر اسکیل پر تین کی شدت کے بابر جھٹکوں سے لرز اٹھے۔شام میں انسانی حقوق کی رصد گاہ المرصدکے مطابق اسرائیلی فضائیہ نے جن اہداف کو نشانہ بنایا ان میں فضائی دفاع کے یونٹ اور زمین سے زمین تک مار کرنے والے میزائلوں کے گودام شامل ہیں۔ المرصد کا کہنا تھا کہ گذشتہ رات ہونے والے یہ حملے 2012 سے اب تک کے شدید ترین حملے تھے۔ادھر طرطوس میں رہنے والے شامی فوج کے ایک افسر نے بتایا کہ یہ پہلا موقع تھا جب شہر کو اسرائیلی بم باری میں اتنے بڑے پیمانے پر نشانہ بنایا گیا۔ افسر کے مطابق اسرائیل نے ایسے میزائل استعمال کیے جو شاید پہلی مرتبہ شام پر بم باری میں استعمال ہوئے کہ دھماکوں کی آوازیں دس کلو میٹر سے زیادہ دوری تک سنی گئیں۔ اس شدید بم باری کے سبب علاقے میں رہنے والے شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
Daily Pakistan Online News, Sports, Blogs, Media
