پاکستان کو گھر کے اندر سے کمزور کرنے کی سازش کی جارہی ‘چیئرمین وزیر اعظم یوتھ پروگرام
لاہور( ڈیلی پاکستان آن لائن +این این آئی)پرائم منسٹر یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد خان نے کہا ہے کہ آج پاکستان کو گھر کے اندر سے کمزور کرنے کی سازش کی جارہی ہے،بہت سے مسلمان ممالک میں خون کی ہولی کھیلی گئی،شام میں مضبوط فوج نہ ہونے کی وجہ سے یہ حالات پیدا ہوئے،ایٹم بم کی وجہ سے کوئی پاکستان کے بارڈر کراس نہیں کرسکتا، اگر سیاست کرنی ہے تو نو مئی اور چوبیس نومبر پر معافی مانگو،اب کہتے ہیں مذاکرات کرنے کو تیار ہیں اب تو آپ کے بڑے بھی مذاکرات کریں گے۔ایوان اقبال میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوںنے کہا کہ (ن) لیگ کا ووٹر ہر جگہ موجود ہے،(ن)لیگ آج بھی ملک کی سب سے بڑی جماعت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اتنی آسانی سے حاصل نہیں ہوا،ہمارا دشمن چاہتا ہے کہ ہم اپنے نظریے کو بھول جائیں،دشمن چاہتا ہے پاکستان کے بارڈر کمزور ہوجائیں،دشمن بار بار ہمارے محافظ پر انگلیاں اٹھاتا ہے۔ بہت سے مسلمان ممالک میں خون کی ہولی کھیلی گئی ،شام میں خانہ جنگی ہوئی تو ترجیح وہاں سے پاکستانیوں کو نکالنا تھا،شہباز شریف نے لبنان کے وزیر اعظم سے درخواست کی کہ لبنان کا ہوائی اڈہ استعمال کرنے دیں،ہم نے راتوں رات پاکستانیوں کو وہاں سے نکالا،نواز شریف کا احسان ہے کہ پاکستان کو ایٹمی قوت بنایا،آج بھارت پاکستان پر حملہ کرنے کی جرات نہیں کرسکتا،نواز شریف نے جلاوطنی قبول کرلی اپنی حکومت کا خاتمہ کرلیالیکن اپنی ملک کی سلامتی پر آنچ نہیں آنے دی۔انہوںنے کہاکہ پاکستان دنیا کی بیس بڑی معیشتوں میں سے ایک بننے جارہا تھا،نواز شریف نے تو آئی ایم ایف سے چھٹکارا دلوادیا تھا،لیکن پی ٹی آئی نے پاکستان کو مہنگائی کی دلدل میں ڈبودیا ۔ انہوںنے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں کوئی ایک وزیر اعظم آئینی اور قانونی طریقے سے نہیں گیا،صرف ایک وزیر اعظم آئینی اور قانونی طریقے سے گھر گیا اس کا نام عمران خان ہے،ان کو صرف اقتدار چاہیے،شہباز شریف پاکستان کو بچاتے آتے ہیں،ہم نے فیصلہ کیا پاکستان سے زیادہ کچھ اہم نہیں ،ان کی جو پلاننگ تھی آج پاکستان شام ، ایران ، مصر جیسا ملک ہوتا ،کڑوا گھونٹ بھر اورا پاکستان کے لئے میدان میں آئے ،پاکستان کی معیشت کو سنبھالا اپنی سیاست کی قربانی دی،،پاکستان کے لئے ہماری جانیں ہزاروں بار قربان ،پاکستان اور پاکستانیوں کے لئے آخری حد تک لڑیں گے ۔انہوںنے کہا کہ پاکستان کے دنیا کے مختلف ممالک کے ساتھ 70سے 80ارب ڈالر کے معاہدے ہو چکے ہیں، اسٹاک مارکیٹ دنیا کی بلند ترین سطح پر پہنچ چکی ہے،اگلے پانچ سے چھ ماہ کے اندر لاہور میں کوئی گلی کچی نہیں رہے گی۔ انہوںنے کہا کہ جون تک پاکستان بارہ لاکھ بچوںاور بچیوں کو تعلیم کے لئے باہر بھیجے گا۔ انہوںنے کہا کہ جو نو مئی اور چوبیس نومبر میں شامل تھا اس کو معافی نہیں ملے گی ،سیاسی لوگ سیاسی طریقے سے بات کرتے ہیں،اگر سیاست کرنی ہے تو نو مئی اور چوبیس نومبر پر معافی مانگو،اب کہتے ہیں مذاکرات کرنے کو تیار ہیں اب تو آپ کے بڑے بھی مذاکرات کریں گے۔
Daily Pakistan Online News, Sports, Blogs, Media
