علاقے میں امن بحال ،خارجی دہشتگردوں کے خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی’ آئی ایس پی آر
راولپنڈی (ڈیلی پاکستان آن لائن) سکیورٹی فورسز کے خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے مختلف اضلاع میں گزشتہ 5روز کے دوران کیے گئے آپریشن کے دوران 43 خارجی دہشت گرد مارے گئے ۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کے مطابق 12اور 13دسمبر کی درمیانی شب سکیورتی فورسز نے خفیہ اطلاع پر ضلع لکی مروت میں کارروائی کی، فورسز کی جانب سے مثر آپریشن کے نتیجے میں 6خارجی دہشت گرد مارے گئے۔آئی ایس پی آر کی جانب سے کہا گیا ہے کہ 9دسمبر 2024ء سے اب تک صوبہ خیبرپختونخوا میں 18خارجی دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا ہے۔آئی ایس پی آر کے مطابق بلوچستان میں 13دسمبر کو موسی خیل اور پنجگور اضلاع میں دو الگ الگ خفیہ اطلاع پر کیے گئے آپریشنز کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں 10دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا۔آئی ایس پی آر کی جانب سے کہا گیا کہ 9دسمبر سے اب تک بلوچستان میں 25دہشت گرد مارے جاچکے ہیں۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے کہا کہ یہ کارروائیاں اس وقت تک جاری رہیں گی جب تک علاقے میں امن بحال اور خارجی دہشت گردوں کا خاتمہ نہیں کیا جاتا۔آئی ایس پی آر کی جانب سے کہا گیا ہے کہ پاکستان کی سکیورتی فورسز ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے پرعزم ہیں۔آئی ایس پی آر نے بتایا کہ ان آپریشنز سے فتنہ الخوارج اور بلوچستان میں سرگرم دیگر دہشت گرد گروہوں کو بڑا دھچکا لگا ہے۔
Daily Pakistan Online News, Sports, Blogs, Media
