سپریم کورٹ کے حکم پر سندھ کابینہ نے فوتگی کوٹہ ختم کرنے کی منظوری دی تھی
کراچی(این این آئی)سندھ میں مرحوم ملازمین کی اولاد کیلئے فوتگی کوٹہ ختم کردیا گیا۔سپریم کورٹ کے حکم پر سندھ کابینہ نے 4 دسمبر 2024 کو فوتگی کوٹہ ختم کرنے کی منظوری دی تھی جس کا نوٹیفکیشن جمعہ کو جاری کردیا گیا ہے، صوبے میں فوتگی کوٹہ کے تحت اب مزید بھرتیاں نہیں کی جائیں گی۔سپریم کورٹ نے 18 اکتوبر 2024 کو اپنے فیصلے میں سرکاری ملازمین کے بچوں سے متعلق کوٹہ پالیسی و پیکیجز کو غیر قانونی قرار دیا تھا۔سپریم کورٹ نے اپنے فیصلے حکم دیا تھا کہ وفاق سمیت صوبائی حکومتیں اشتہار یا اوپن میرٹ کے بغیر سرکاری ملازمین کے بچوں کو ملازمتیں دینے کی پالیسی ختم کریں۔ عدالت عظمی نے کوٹہ سے متعلق پرائم منسٹر پیکیج فار ایمپلائمنٹ پالیسی اور اس کا آفس میمورینڈم بھی کالعدم قرار دیا تھا۔ اسی طرح سندھ سول سرونٹس رولز 1974 کے سیکشن 11 اے کو بھی کالعدم قرار دیا تھا۔سپریم کورٹ نے اشتہار یا اوپن میرٹ کے بغیر بیوہ یا بچے کا سرکاری ملازمت میں کوٹہ آئین کے آرٹیکل 3 آرٹیکل 4، آرٹیکل 5 ذیلی شق دو، آرٹیکل 25 اور آرٹیکل 27 سے متصادم قرار دیا۔سپریم کورٹ کے مطابق عدالتی فیصلے کا اطلاق پہلے سے سرکاری ملازمین کے بچوں کو ملنے والے کوٹے پر نہیں ہوگا۔ عدالتی فیصلے کا اطلاق دہشتگردی کے واقعات میں شہید ہونے والے افراد کے قانونی ورثا پر نہیں ہوگا۔
Daily Pakistan Online News, Sports, Blogs, Media
