ولی عہد کا چھ ماہ میں شہباز شریف سے پانچویں ملاقات پر خوشی کا اظہار
ریاض ( ڈیلی پاکستان آن لائن )سعودی عرب ولی عہد محمد بن سلمان نے وزیر اعظم شہباز شریف سے ملاقات کے دوران دورہ پاکستان کی دعوت قبول کرلی۔وزیراعظم شہباز شریف نے ون واٹر سمٹ کے موقع پر سعودی ولی عہد سے ملاقات کی۔شہباز شریف اور سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی ملاقات کے دوران علاقائی سکیورٹی سمیت غزہ کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔اس دوران وزیر اعظم شہباز شریف نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کو پاکستان کے دورے کی دعوت بھی دی۔وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں بتایا کہ سعودی ولی عہد نے شہباز شریف سے 6 ماہ میں پانچویں ملاقات پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان محبت اور باہمی احترام کو اجاگر کیا۔عطا تارڑ نے کہا کہ ملاقات کے دوران دونوں رہنمائوں نے اقتصادی، تجارتی اور سرمایہ کاری کے تعلقات کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا اور سرمایہ کاری کے معاہدوں پر عملدرآمد کی رفتار پر اطمینان ظاہر کیا۔وفاقی وزیر اطلاعات نے بتایا کہ وزیراعظم نے پاکستانی عوام کے لیے نیک خواہشات پر ولی عہد کا شکریہ ادا کیا اور انہیں پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت دی جسے ولی عہد نے قبول کیا۔
Daily Pakistan Online News, Sports, Blogs, Media
