اینٹی ریپ کرائسز سیل میں شواہد کا ڈیٹا اکٹھا کرنا انتہائی اہمیت کا حامل ہو گا’خواجہ سلمان رفیق
لاہور ( ڈیلی پاکستان آن لائن)صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے سروسز ہسپتال لاہور میں اینٹی ریپ کرائسز سیل کا افتتاح کیا۔اس حوالے سے ایک افتتاحی تقریب کا انعقاد بھی کیا گیا۔اس موقع پر یو ایس قونصل جنرل لاہور کرسٹن ہوکنز، ڈپٹی کنٹری یو این ویمن جیکوئی کیٹونوٹی و دیگر موجود تھے۔ایڈیشنل سیکرٹری ٹیکنیکل ڈاکٹر محمد وسیم، پرنسپل سروسز انسٹی ٹیوٹ میڈیکل سائنسز پروفیسر زوہرہ خانم اور ایم ایس سروسز ہسپتال ڈاکٹر عابد محمود غوری نے بھی شرکت کی۔افتتاحی تقریب میں یو ایس قونصل جنرل لاہور کرسٹن ہوکنز، ڈپٹی کنٹری یو این ویمن جیکوئی کیٹونوٹی اور پرنسپل سمز پروفیسر زوہرہ خانم نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے افتتاحی تقریب کے شرکاء سے اپنے خطاب میں کہاکہ اینٹی ریپ کرائسز سیل میں شواہد کا ڈیٹا اکٹھا کرنا انتہائی اہمیت کا حامل ہو گا۔ اس اینٹی ریپ کرائسز سیل کا دائرہ کار صوبہ بھر میں بڑھائیں گے۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ خواتین کا احترام نہ کرنے والے معاشرے جنگل کی شکل اختیار کر جاتے ہیں۔ صوبہ بھر میں اس حوالے سے سخت قانون سازی کو یقینی بنائیں گے۔وزیرصحت پنجاب نے کہاکہ یہ اینٹی ریپ کرائسز سیل پنجاب کا دوسرا جبکہ لاہور کا پہلا سیل ہے۔آج انسانی حقوق کے عالمی دن پر اس اینٹی ریپ کرائسز سیل کا افتتاح انتہائی خوش آئند ہے۔
Daily Pakistan Online News, Sports, Blogs, Media
