ایف بی آر ریفنڈز کے عمل کو آسان بنائے،فاسٹر سسٹم کی طرح انکم ،سیلز ٹیکس کے ریفنڈز بھی ادا کیے جائیں
لاہور( ڈیلی پاکستان آن لائن)پاکستان ٹیکس ایڈوائزر زایسوسی ایشن کے سینئر ممبر چودھری امانت بشیر نے کہا ہے کہ ایف بی آر ریفنڈز کے عمل کو آسان بنائے،فاسٹر سسٹم کی طرح انکم ٹیکس اور سیلز ٹیکس کے ریفنڈز بھی ادا کیے جائیں، وفاقی ٹیکس محتسب اپنے فیصلوں پر عملدرآمد کو یقینی بنائے ۔ٹیکس بار اور تاجروںکے نمائندہ وفد سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے چودھری امانت بشیر نے کہا کہ دنیا کی طرح پاکستان میں بھی خودکار سسٹم ہوناچاہیے جس کے تحت ریفنڈز کو کوئی درخواست نہ دینا پڑے اور اس کے فنڈز اکائونٹ میں از خود ٹرانسفر ہو جائیں ۔انہوں نے کہاکہ حکومت کئی ترقی یافتہ ممالک سے زیادہ ٹیکس اکٹھا کر رہی ہے لیکن اس کے عوض اس طرز پر مراعات حاصل نہیںہیں۔ انہوں نے کہاکہ ٹیکس ریفنڈز کی بروقت ادائیگی سے کاروباروں میں سرمایہ کاری بڑھے گی جس سے معیشت کو بھی تحرک ملے گا ۔انہوں نے کہا کہ ایف بی آر کے پاس ریفنڈز کیلئے ہزاروں کی درخواستیں پڑی ہیں لیکن اس کے باوجود ادائیگی نہیں ہو رہی،ایف بی آر کے افسران وفاقی ٹیکس محتسب کے احکامات کو بھی نظر انداز کر دیتے ہیں۔ٹیکس پیئر زکو اپنا قانونی حق لینے کے لیے بھی افسران کو رشوت دینا پڑتی ہے۔
Daily Pakistan Online News, Sports, Blogs, Media
