نظام چلانے کیلئے جی ڈی پی کے تناسب سے ٹیکس کی شرح کو ساڑھے13فیصد پر لانا ہوگا ‘ ترجمان پیاف ،صدر لوہا مارکیٹ
لاہور( ڈیلی پاکستان آن لائن)تاجر رہنما پیاف کے ترجمان و صدرلوہا مارکیٹ شہید گنج لاہور راجہ وسیم حسن نے پرتعیش طرز زندگی گزارنے کے باوجود ٹیکس کی ادائیگی نہ کرنے والوں کے گرد شکنجہ کسنے کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک سے زیادہ گھر اور گاڑیاں رکھنے والے 190,000 سے زائد افراد کا ٹیکس نیٹ سے باہر ہونا تشویش کا باعث ہے ،حکومت کی جانب سے ٹیکس نظام کو بغیر کسی انسانی مداخلت کے چلانے کے لیے جدید نظام وضع کرنے کا اقدام قابل ستائش ہے جس سے اربوں روپے جیبوں میں جانے کی بجائے قومی خزانے میں جمع ہوں گے ۔اپنے بیان میں انہوںنے کہا کہ امید ہے کہ حکومت کی کامیاب معاشی پالیسیوں سے جلد ہی شرح سود سنگل ڈیجٹ میں آئے گا جس سے مقامی کاروبار کو فروغ ملنے سے معاشی سر گرمیاں دوبارہ حاصل کریں گی ۔ انہوںنے کہا کہ حکومت اور ایف بی آر کسی بھی طرح کی مہم جوئی کی بجائے اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لے کیونکہ مشاورت سے بنائی گئی پالیسیاں یقینی طو ر پر سو فیصد نتائج دیں گی ۔ انہوںنے کہا کہ یہ درست ہے کہ اگر ہم نے 25کروڑ آبادی والے ملک کے نظام کو چلانا ہے جی ڈی پی کے تناسب سے ٹیکس کی موجودہ شرح کو ساڑھے13فیصد پر لانا ہوگا ۔
Daily Pakistan Online News, Sports, Blogs, Media
