مقصد پاکستان ،یورپی یونین کی ریاستوں کے درمیان اقتصادی تعلقات کو بڑھانا ہے: صدر ایف پی سی سی آئی
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)ایف پی سی سی آئی کے صدرعاطف اکرام شیخ نے پاکستان-ای یو فورم کے قیام کا اعلان کیا ہے ، اس اقدام کا مقصد پاکستان اور یورپی یونین کی ریاستوں کے درمیان اقتصادی اور تجارتی تعلقات کو بڑھانا ہے جس سے کاروباری برادری کے لیے ترقی میں آسانی ہو گی۔فورم کے مقاصد میں تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون کو فروغ دینے کے لیے جنرلائزڈ سسٹم آف پریفرنسز پلس کا موثر استعمال شامل ہے۔ یہ مشرقی یورپ پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے پاکستان اور یورپی یونین کی ریاستوں کے درمیان کاروباری تعلقات کو بھی فروغ دے گا۔ اس کے علاوہ فورم پاکستان میں یورپی یونین کے وفود سے بات چیت کرے گا،اقتصادی سرگرمیوں کے بارے میں معلومات کا تبادلہ کرے گا اور تجارت اور سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول کو برقرار رکھے گا۔یہ فورم تعاون کے نئے تجارتی اور اقتصادی شعبوں کی نشاندہی کے لیے مارکیٹ ریسرچ بھی کرے گا اور ای یو مارکیٹ کی ضروریات کے بارے میں ایس ایم ای سیکٹر کو آگاہی اور رہنمائی فراہم کرے گا۔پاکستان-ای یو فورم 14 مئی 2025 کو اسلام آباد میں یورپی یونین کے دفتر کے ذریعے شروع کیے جانے والے ای یو بزنس نیٹ ورک کے ساتھ انٹرفیس بھی کرے گا۔ اس تعاون سے پاکستان اور یورپی یونین کی ریاستوں کے درمیان دو طرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کو مزید فروغ دینے کی توقع ہے۔
Daily Pakistan Online News, Sports, Blogs, Media

