ملک درست سمت میں نہیں جارہا اسی لیے حکومت کا حصہ نہیں ہوں’سینئر لیگی رہنما
لاہور ( ڈیلی پاکستان آن لائن ) مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما و سابق وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ پاکستان ریموٹ کنٹرول جمہوریت کے ذریعے آگے نہیں بڑھ سکتا، ملک درست سمت میں نہیں جارہا میں اسی لیے حکومت کا حصہ نہیں ہوں جہاں خرابی ہوگی وہاں چپ نہیں رہ سکتا۔اس امر اکا اظہار انہوں نے خواجہ رفیق شہید فائونڈیشن کے زیر اہتمام خواجہ رفیق شہید کی 52ویں سالانہ برسی کے سلسلہ میں ”بحرانوں میں گھرا پاکستان ، اصلاح احوال کیسے ہو ”کے موضوع پر منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ریموٹ کنٹرول جمہوریت کے ذریعے آگے نہیں بڑھ سکتا اس طرح سے ملک کو آگے نہیں چلایا جاسکتا ملک آپس کی دھینگا مشتی میں الجھا ہوا ہے آج ملک کی سمت درست نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں جتھے بناکر لوگ نکلتے ہیں اور حکومت گھٹنے ٹیک دیتی ہے، کشمیریوں کے دل پاکستان کے ساتھ دھڑکتیہیں وہاں ایسا آدمی کیوں بٹھایا گیا جس کا کشمیر کی سیاست سے کوئی لینا دینا نہیں،ہم نے کہا تھا یہ کام نہ ہو لیکن کوئی مشورہ سنے تو نہیں۔خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ ہم کب تک ڈرائنگ روم میں بیٹھ کر آہ وزاری کریں گے؟ ہمیں بات کرنی پڑے گی کون بات کرے گا میں اسی لیے حکومت کا حصہ نہیں ہوں میرے ساتھیوں کو معلوم ہے اس بات کا، میں بالکل اپنی پارٹی کے اندر ہوں مگر جہاں خرابی ہوگی وہاں چپ نہیں رہ جاسکتا اس پر بات کرنی پڑے گی۔انہوں نے کہا کہ نئی امریکن انتظامیہ کو عمران خان سے کوئی دلچسپی نہیں، ان کا انٹرسٹ وہی ہے جو امریکی استعمار کا انٹرسٹ ہے یعنی پاکستان کا ایٹمی پروگرام، بیلسٹک میزائل پروگرام ہے، ہمیں اپنی طاقت کا اندازہ نہیں مگر دشمن کو ہماری طاقت کا اندازہ ہے جب آپ کے گرد گھیرا تنگ ہورہا ہو تو آپ خاموش کیسے رہیں گے؟ راستہ تو ڈھونڈنا پڑے گا۔انہوں نے کہا کہ میں نے کچھ اکابر سے بات کی ہے ان کے نام نہیں لوں گا مذاکرات کامیاب ہونے چاہئیں۔
Daily Pakistan Online News, Sports, Blogs, Media
