شرح سودکو4سے5فیصد پر لایا جائے ، مارکیٹ میں سرمائے کی قلت دور ہو گی ‘سینئر ایگزیکٹو کمیٹی ممبر لاہور چیمبر
لاہور( ڈیلی پاکستان آن لائن)سینئر ایگزیکٹو کمیٹی ممبر لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری علی عمران آصف نے اسٹیٹ بینک کی جانب سے شرح سود میں مزید کمی کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ خطے کے دیگر ممالک کے مقابلے میں پاکستان میں آج بھی شرح سود زیادہ ہے ، اسٹیٹ بینک اس شرح 4سے5فیصد پر لائے جس سے مقامی کاروبار ترقی کریں گے۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ شرح سود بلند سطح پر ہونے کی وجہ سے سرمایہ کار مارکیٹ میں مختلف کاروبار وں میں پیسہ لگاکر خطرہ مول لینے کی بجائے بینکوں میں رکھنے کو ترجیح دیتے ہیں جس کی وجہ سے مارکیٹ میں سرمائے کی قلت پیدا ہوتی ہے اور گزشتہ کئی سالوں کو مارکیٹ کو اسی کا سامنا رہا ہے ۔ شرح سود میں کمی سے یقینی طور پر یہ سرمایہ مارکیٹ میں آئے گا جس سے معیشت کو تقویت ملے گی وہیں روزگار کے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔ علی عمران آصف نے کہا کہ حکومت سے اپیل ہے کہ چھوٹے کاروبار کرنے والوں کو معاونت دی جائے اور انہیں کاروبار کے لئے آسان شرائط پر بغیر سود قرضے دئیے جائیں ۔ تاجروں کے لئے بجلی اور گیس کے کمرشل بلوں میں بھی ریلیف دیا جائے جس کے اثرات مہنگائی میں کمی کی صورت میں سامنے آئیں گے۔
Daily Pakistan Online News, Sports, Blogs, Media
