جدید ہنر سکھانے ،چھوٹے پیمانے پر کاروبار کیلئے مالی معاونت کی منصوبہ بندی کی جائے’ انٹر پرینیور ، چیئرمین چلتن پیورو پاکستان
لاہور( این این آئی) انٹرپرینیور و چیئرمین چلتن پیورپاکستان نجم مزاری نے کہاہے کہ ہر سال لاکھوں نوجوان مارکیٹ میں آرہے ہیں جنہیں پبلک سیکٹر میں ملازمتیں فراہم کرنا نا ممکن ہے ، حکومت کو اس حوالے سے بغیر تاخیر کے منصوبہ بندی کرنے کی ضرورت ہے جس کے تحت نوجوان جدید ہنر سیکھنے اور چھوٹے پیمانے پر کاروبار کی جانب راغب ہوں ۔ اپنے دفتر میںملاقات کے لئے آنے والے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے نجم مزاری نے کہا کہ حکومت اس طرز پر منصوبہ بندی کرے جس کے تحت میٹرک اور ایف اے کے بعد نوجوانوں کے رجحان سے آگاہی کی جائے اوراس کے بعد حکومت انہیں سمت دے ، جونوجوان کوئی ہنر سیکھنا چاہتے ہیں تو انہیں جدید ہنر سکھایا جائے تاکہ وہ اپنے ملک میں ہی رہتے ہوئے بہترین روزگار کما سکیں یا انہیں جدید ہنر مند لیبر کے طور پر بیرون ممالک کو برآمد کیا جا سکے ، اسی طرح جو مزید تعلیم حاصل کرنا چاہتے ہیں یا دوسرے شعبوں میں جانا چاہتے ہیں ان کی بھی رہنمائی کی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں ہر سال لاکھوں نوجوانوںکو پبلک سیکٹر میں ملازمتیں فراہم نہیں کر سکتیںاس لئے انہیں اپنے کاروبار کی جانب راغب کیا جائے اور اس کے لئے بینکوں کو پابند کیا جائے کہ وہ انتہائی آسان شرائط پر انہیں قرضے دیں اور اس میں کچھ بوجھ حکومت بھی اٹھائے جس سے ہماری معیشت کو بھی تحرک ملے گا ۔موجودہ حالات میں ہمیں روایتی انداز چھوڑ کر انوویشن کی جانب بڑھنا ہوگا اور اسی کے ذریعے ہم عالمی منڈیوں میں اپنا حصہ وصول کر سکتے ہیں۔
Daily Pakistan Online News, Sports, Blogs, Media
