ترقی یافتہ ممالک میں شامل ہونے کے لیے پاکستان کو ایسی ہی حکمت عملی کی ضرورت ہے’عہدیداران لاہور چیمبر
لاہور ( این این آئی)لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری 2024-29کے قومی اقتصادی تبدیلی کے منصوبے کے تحت ”اڑان پاکستان”پروگرام کا خیرمقدم کرتے ہوئے توقع ظاہر کی ہے کہ یہ ایک اہم معاشی موڑ ثابت ہوگا۔ لاہورچیمبر کے صدر میاں ابوذر شاد، سینئر نائب صدر انجینئر خالد عثمان اور نائب صدر شاہد نذیر چوہدری نے شہباز حکومت کی جانب سے 2035 تک معیشت کا حجم ایک ٹریلین ڈالر تک بڑھانے کے لیے روڈ میپ کو سراہتے ہوئے کہا کہ ترقی یافتہ ممالک میں شامل ہونے کے لیے پاکستان کو ایسی ہی حکمت عملی کی ضرورت ہے۔ لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے کہا کہ اڑان پاکستان پروگرام پاکستان کی اقتصادی بحالی کے لیے ایک اہم سنگ میل اور مکمل فریم ورک کا حامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ نجی شعبہ بھی اس ویژن کو کامیاب بنانے، برآمدات کو فروغ دینے اور ماحولیاتی بہتری کے لیے کردار ادا کرنے کو تیار ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اہم معاشی اہداف حاصل کرنے کے لیے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ ، پالیسیوں کے تسلسل، مضبوط انفراسٹرکچر اور باہمی تعاون کی اشد ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ برآمدات کو فروغ دینے کے لیے انفارمیشن ٹیکنالوجی، ٹیکسٹائل اور زراعت کے شعبوں پر خصوصی توجہ دینا ہوگی جبکہ میڈ ان پاکستان برانڈ کو عالمی سطح پر مشہور و معروف کرنے کے لیے ٹھوس اقدامات کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ جدت اس منصوبے کی کامیابی کے لیے ضروری ہے،لاہور چیمبر ای کامرس کے فروغ، ڈیجیٹل سٹارٹ اپس اور انسانی وسائل کی مہرت کو بہتر بنانے کے لیے کام کررہا ہے۔ ورکشاپس اور تربیتی سیشنز کے ذریعے کاروباروں کو ڈیجیٹل ٹیکنالوجیز کو موثر طریقے سے اپنانے میں مدد دی جاسکتی ہے۔ میاں ابوذر شاد، انجینئر خالد عثمان اور شاہد نذیر چودھری نے کہا کہ قابل تجدید توانائی میں سرمایہ کاری ترجیح ہونی چاہیے صنعتی ترقی کے لیے مستحکم اور سستا توانائی یقینی بنائی جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ گرین انرجی ماحولیاتی مسائل حل کرنے میں اہم کردار ادا کرسکتی ہے جبکہ عالمی ماحولیاتی اداروں کے ساتھ مشترکہ منصوبوں کے ذریعے بھی موسمیاتی چیلنجز کو کم کیا جاسکتا ہے۔ لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے توقع کا اظہار کیا کہ حکومت نجی شعبہ کو ساتھ لیکر چلے گی جس سے 2035تک معاشی حجم ایک ٹریلین ڈالر تک پہنچایا جاسکے گا۔
Daily Pakistan Online News, Sports, Blogs, Media
