پسماندہ علاقوں میں زندگی کی بنیادی سہولیات کی فراہمی کیلئے ایمر جنسی کی طرز پر اقدامات ناگزیر ہیں’سابق وفاقی وزیر
فیصل آباد/تاندلیانوالہ( ڈیلی پاکستان آن لائن)سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ حکومت ایم تھری موٹر وے کے ساتھ انڈسٹریل زون کے قیام کیلئے پیشرفت کرے تاکہ مقامی آبادی اور قریبی اضلاع کے لوگوں کو روزگار کے مواقع میسر آئیں،پسماندہ علاقوں میں زندگی کی بنیادی سہولیات کی فراہمی کیلئے ایمر جنسی کی طرز پر اقدامات ناگزیر ہیں ،ہم نے ثابت کیا ہے کہ حلقے اور عوام سے ہماری وابستگی کسی عہدے کی محتاج نہیں ،عوام ہر کڑے وقت میں ہمیں اپنے ساتھ پائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے حلقہ این اے97کے طویل دورہ کے دوران علاقہ عمائدین اور مقامی افراد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ ہمایوں اختر خان نے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ حلقے میں انتقال کرجانے والوں کے عزیز وا قارب سے ملاقاتیں کر کے اظہار تعزیت اور فاتحہ خوانی بھی کی ۔ انہوں نے کہاکہ حلقے کی عوام سے بلا تفریق اور بلا تعطل رابطے رکھ کر ثابت کیا ہے کہ ہم بے لوث خدمت پر یقین رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم بر ملا کہتے ہیں کہ صرف لاہور پنجاب نہیں اس لئے صوبائی حکومت تاندلیانوالہ، ماموں کانجن ، کنجوانی اور اس جیسے دیگر علاقوں کی بد حالی دور کرنے پر بھی توجہ مرکوز کرے ۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ زراعت پر خصوصی توجہ دی جائے، چھوٹے کسان کا ہاتھ تھاما جائے ، اسے تمام زرعی لوازمات ایک چھت کے نیچے سبسڈائزڈ نرخوں پر دئیے جائیں۔ انہوںنے کہاکہ ہماری سیاست کا محور حلقے کی خوشحالی اور عوام کی ترقی ہے جس کیلئے ہم بھرپور آواز بلند کریں گے ،ہر علاقے کے دیرینہ مسائل سے آگاہی حاصل کر رہے ہیں ،خدا کی ذات نے جتنی بھی ہمت دی ان مسائل کو اپنی ذاتی حیثیت میں بھی حل کرنے کی کوشش کریں گے ۔ہمایوں اختر خان نے کہا کہ وفاقی اورصوبائی حکومت پسماندہ علاقوں میں بھی آئی ٹی کے ادارے قائم کرے تاکہ یہاں کے نوجوان بھی ترقی کے دھارے میں شامل ہو سکیں ۔
Daily Pakistan Online News, Sports, Blogs, Media
