ایس ایم ایز کی ترقی کے لئے کامیاب ممالک کو بھی سٹڈی کیا جائے ‘ڈائریکٹر پاکستان سٹون ڈویلپمنٹ کمپنی
لاہور( ڈیلی پاکستان آن لائن)ڈائریکٹر پاکستان سٹون ڈویلپمنٹ کمپنی ،سینئر نائب صدر فیروز پور بورڈ اور سابقہ ایگزیکٹو ممبر لاہور چیمبر آف کامرس خادم حسین نے کہا ہے کہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبارملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں، حکومت اس طرز پر معاونت کرے کہ ایس ایم ایز برآمدی صنعت کے طورپر ترقی کر سکیں، بہت سے ممالک کی ایس ایم ایز کی برآمدات ہماری مجموعی برآمدات سے زیادہ ہیں ۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہاکہ پاکستان کی صنعتوں کو گلوبل سپلائی چین کا حصہ بنانے کیلئے غیر معمولی اقداما ت اٹھانا ہوں گے ، وفاقی اور صوبائی حکومتوں کو چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کی ترقی کے لئے مل کر کام کرنا چاہیے اور ان کے لئے زیادہ سے زیادہ مراعات دینے کی پالیسی آنی چاہیے ۔ انہوں نے کہاکہ ایس ایم ایز کی ترقی کے لئے کامیاب ممالک کو بھی سٹڈی کیا جائے اور اسٹیک ہولڈرز کو متعلقہ بیورو کریسی کے افسران کے ہمراہ ان ممالک کا دورے بھی کرائے جائیں تاکہ پاکستان میں ایس ایم ایز کو ترقی دی جا سکے۔انہوںنے کہاکہ پاکستان میں تمام شعبے ترقی کریں گے تو معیشت کو گروتھ ملے گی جو پچیس کروڑ آبادی والے ملک کے لئے نا گزیر ہے ۔
Daily Pakistan Online News, Sports, Blogs, Media
