وسیع پیمانے پر آگاہی مہم شروع کی جائے ،” زندگی کے عوض روزگار کا حصول نا گزیر کیوں ؟”کے موضوع پر مذاکرہ
لاہور( فیصل محمود اعوان)غیر قانونی طریقے سے بیرون ممالک جانے والے اپنی زندگیوں کو خطرے میں ڈالنے کے ساتھ عالمی سطح پر ملک کی بھی بدنامی کا باعث بنتے ہیں ،حکومتی اقدامات کے باوجود غیر قانونی طریقے سے بیرون ممالک جانے کا سلسلہ نہ رکنا تشویش کا باعث ہے ،حکومت انسانی اسمگلنگ کی روک تھام کیلئے ہنگامی بنیادوں پر سخت سے سخت قانون سازی کرے اور جب تک انسانی اسمگلرز کو نشان عبرت نہیں بنایا جائے گایہ سلسلہ نہیں رکے گا ۔ ان خیالات کا اظہار اوورسیز پاکستانی ، صنعتکار اور یو کے میں سفیر برائے تعلیم شہباز علی ملک نے ” زندگی کے عوض روزگار کا حصول نا گزیر کیوں ؟”کے موضوع پر مذاکرے سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہاکہ نوجوانوںکو بہتر مستقبل کے خواب ضرور دیکھنے چاہئیں لیکن زندگی کی قیمت پر خواب دیکھنا بیوقوفی ہے ،غیر قانونی طریقے سے سمندر کے راستے جانے والے نہ صرف اپنی زندگی کو خطرے میں ڈالتے ہیں بلکہ ان سے جڑا ہوا خاندان بھی شدید اذیت کا شکار رہتا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ حکومت کو اس سلسلہ میں آگاہی مہم شروع کرنی چاہیے اور جن اضلاع کے باشندوں کی زیادہ نشاندہی ہوتی ہے وہاں وسیع پیمانے پر آگاہی مہم چلائی جائے ۔شہباز علی ملک نے کہا کہ بہت سے ممالک میں ورکنگ ویزے انتہائی آسانی سے دستیاب ہیں لیکن اس کے لئے دستاویزات مکمل کرنا ہوتی ہیںجو صبر آزما کام ہوتا ، میری نوجوانوں سے اپیل ہے کہ وہ اپنی زندگیوں کو خطرے میں ڈالنے اور ملک کے لئے بدنامی کا باعث بننے کی بجائے قانونی طریقے سے دستایزات مکمل کر کے بیرون ملک جائیں ۔اس موقع پر دیگر نے بھی خطاب کیا اور سوال و جواب کا سیشن بھی ہوا ۔
Daily Pakistan Online News, Sports, Blogs, Media

