حکومت برآمدات ،ترسیلات زر میں اضافے کے تسلسل پر توجہ مرکوز کرے ‘ سینئر ایگزیکٹو ممبر لاہور چیمبر
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)سینئر ایگزیکٹو کمیٹی ممبر لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری علی عمران آصف نے کہا ہے کہ حکومتی اقدامات کی وجہ سے بیلنس آف پیمنٹس پر داخلی مانگ کا دبا ئوکم ہو گیا ہے ،مالیاتی استحکام جاری ہے اور حکومت مسلسل دوسرے سال کے لیے پرائمری مالیاتی سرپلس حاصل کرنے کے راستے پر ہے۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ زر مبادلہ کے ذخائر 11.7 ارب ڈالر تک پہنچ گئے ہیں جو موجودہ تقریباً تین ماہ کی درآمدات کے لیے کافی ہیں لیکن چیلنج اس وقت سامنے آئے گا جب معاشی ترقی رفتار پکڑے گی اور درآمدات میں اضافہ ہونے سے زر مبادلہ کے ذخائر پر دبائو آئے گا ، اس کے لئے حکومت کو پیشگی حکمت عملی مرتب کرنی چاہیے تاکہ آنے والے مہینوں میں دوبارہ مشکلات کا سامنا نہ کرے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت برآمدات اور ترسیلات زر میں اضافے کے تسلسل پر توجہ مرکوز کرے ، اس وقت برآمدات کی گروتھ میں اس رفتار سے اضافہ نہیں ہو رہا جو ہماری ضرورت ہے ۔ علی عمران آصف نے کہا کہ معیشت کی ترقی کے لئے سیاسی استحکام اورپالیسیوں کا تسلسل نا گزیر ہے ۔
Daily Pakistan Online News, Sports, Blogs, Media
