پنجاب بار کی جانب سے نئے ممبر کیلئے نام کی حتمی منظوری دی جائے گی :وائس چیئرمین چودھری بابر وحید
لاہور( این این آئی+ڈیلی پاکستان آن لائن)پنجاب بار کونسل کے وائس چیئرمین چودھری بابر وحید نے کہا ہے کہ 21دسمبر کو ہونے والے جوڈیشل کمیشن آف پاکستان کے اجلاس کے حوالے سے بار کی جنرل کونسل کا ہنگامی اجلاس 18دسمبر کو طلب کیا گیاہے ، اجلاس میں جوڈیشل کمیشن کیلئے پنجاب بار کی جانب سے نئے ممبر کیلئے نام کی حتمی منظوری دی جائے گی ، امید ہے کہ جوڈیشل کمیشن آف پاکستان کے اجلاس میں ججز کی تعیناتی کیلئے میرٹ کو پیش نظر رکھا جائے گا ۔ا ن خیالات کا اظہار انہوں نے پنجاب بار کے ممبران سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر چیئرمین ایگزیکٹو کمیٹی پنجاب بار کونسل را ئوفضل الرحمان ،ممبران اعجاز خان بلوچ ، رانا محمد اکرم خان، میاں مراد بھٹی ،غلام جونی ،بیرسٹر حق نواز، غلام عباس بھٹی، شہزاد ڈوگر، حسن طور ،رانا شہباز احمد، چوہدری نثار علی خان ،میاں محمد حنیف ، عاطف مغل، شاف ذیشان ملک اور سید مظہر علی شاہ سمیت دیگر بھی موجود تھے۔وائس چیئرمین چودھری بابر وحید نے کہا کہ جوڈیشل کمیشن میں پنجاب بار کونسل کے ممبر اسد عباسی کی معیاد پوری ہو چکی ہے ، نئے نام کیلئے ابتدائی مشاورت ہو چکی ہے اور 18دسمبر کو ہونے والے اجلاس میں پنجاب بار کونسل کی جانب سے اپنے امیدوار کی حتمی منظوری دی جائے گی جبکہ اس موقع پر جوڈیشل کمیشن کے اجلاس کے حوالے سے مزید امور بھی زیر غور آئیں گے۔ انہوںنے کہا کہ جوڈیشل کمیشن کے لئے پنجاب بار یقینی طور پر ایسے شخص کو بطور ممبر سامنے لائے گی جو خود بھی میرٹ پر پورا اترتا ہو اور جوڈیشل کمیشن آف پاکستان کے اجلاس میںبھی حق اور سچ کی بات کرنے کی ہمت وجرات رکھتا ہو ۔انہوں نے کہا کہ پنجاب بار کونسل کا مطالبہ ہے کہ ہائیکورٹ میںججز کی تعیناتی کا پیمانہ صرف اور صرف میرٹ ہونا چاہیے جس سے انصاف کے نظام میں بہتری آئے گی اور یہی وقت کی اہم ترین ضرورت ہے ۔انہو ں نے کہا کہ ہم توقع کرتے ہیں کہ 21دسمبر کو ہونے والے جوڈیشل کمیشن آف پاکستان کے اجلاس میں ملک قوم کی بہتری اور ججز کی تعیناتی کے حوالے سے مثبت فیصلے ہوں گے ۔ججز کی تعداد پوری ہونے سے سالہا سال سے زیرالتوا ء کیسز نمٹانے میںبھی مدد ملے گی ۔
Daily Pakistan Online News, Sports, Blogs, Media

