انسداد دہشت گردی عدالت نے ملزمان کی ضمانت پر دلائل طلب کرلیے
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) جناح ہائوس حملہ سے متعلق جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم نے تفتیش میں حسان نیازی کی بہن کو مجرم اور 8کارکنوں کو بے گناہ قرار دے دیا۔انسداد دہشت گردی عدالت کے ایڈمن جج منظر علی گل کے روبرو جناح ہائوس حملہ اور جلائو گھیرائو کے مقدمے کی سماعت ہوئی، جس میں جے آئی ٹی نے اپنی تفتیش میں خواتین سمیت 8پی ٹی آئی کارکنوں کو بے گناہ قرار دے دیا۔جے آئی ٹی کی تفتیش میں توصیف خانم، سعدیہ ایوب، ثروت شاہد، نادرہ عمر، وحید الرحمن، ساجد پرنس، بلال فرحانہ فاروق کو بے گناہ قرار دیا گیا ہے، جس کے بعد ملزمان کے وکلا کی عبوری ضمانت واپس لینے کی استدعا پر عدالت نے ضمانت کی درخواستوں کو خارج کر دیا ۔جے آئی ٹی نے اپنی تفتیش میں حسان نیازی کی بہن حاجرہ نیازی کو مجرم قرار دیا۔ تفتیش میں سید فاطمہ حیدر، بینا ذیشان، رخسانہ نوید کو قصور وار پایا گیا۔انسداد دہشت گردی عدالت نے حاجرہ نیازی سمیت دیگر کی عبوری ضمانت میں 15جنوری تک توسیع کر دی اور حاجرہ نیازی سمیت دیگر ملزمان کی ضمانت پر دلائل طلب کر لیے۔دوران سماعت حاجرہ نیازی کے والد حفیظ اللہ نیازی بھی عدالت میں بیٹی کے ساتھ پیش ہوئے ۔ ان کے علاوہ خواتین سمیت دیگر ملزمان بھی عبوری ضمانت کی حاضری کے لیے عدالت میں موجود تھے۔واضح رہے کہ ملزمان کے خلاف تھانہ سرور روڈ پولیس نے مقدمہ درج کر رکھا ہے۔
Daily Pakistan Online News, Sports, Blogs, Media
