پاکستانی قالینوں کی مصنوعات دنیا میں منفرد پہچان رکھتی ہیں’ فوزیہ پروین چوہدری
لاہور( ڈیلی پاکستان آن لائن )پاکستان کارپٹ مینو فیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام تین روزہ ہاتھ سے بنے قالینوں کی 41ویں عالمی نمائش کا لاہور میں آغاز ہو گیا جس میں مختلف ممالک سے بڑی تعداد میں غیر ملکی خریدارشریک ہیں ۔ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی پاکستان کی سینئر ڈائریکٹر جنرل فوزیہ پروین چوہدری نے مقامی ہوٹل میں عالمی نمائش کا افتتاح کیا ۔اس موقع پر ڈائریکٹر ٹیکسٹائل اینڈ لیدر مہوش خادم ،ڈپٹی ڈائریکٹر فرخ ہمایوں ،پی سی ایم ای اے کے پیٹرن انچیف عبد اللطیف ملک ،چیئرمین میاں عتیق الرحمان، چیئرمین ایگزیبیشن ریاض احمد، چیئر پرسن کارپٹ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ اعجاز الرحمان ، سینئر ممبر عثمان اشرف ،میجر (ر)اختر نذیر ،سعید خان ، سیکرٹری محمد ریاض سمیت مینو فیکچررز اور برآمد کنندگان کی کثیر تعداد موجود تھی ۔ سینئر ڈائریکٹر جنرل ٹڈیپ فوزیہ پروین چوہدری نے عالمی نمائش میں لگائے گئے سٹالز کا تفصیلی دورہ کیا ، انہوں نے اعلیٰ معیار اورانتہائی خوبصورت ڈیزائنوں سے مزین ہاتھ سے بنے قالینوں کی مصنوعات میںگہری دلچسی کا اظہار کرتے ہوئے پاکستانی کاریگروں کے ہنر کی تعریف کی ۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوںنے کہا کہ اعلیٰ معیار اور دیدہ زیب ڈیزائنوں کی وجہ سے پاکستان کے ہاتھ سے بنے قالینوں کی مصنوعات دنیا بھر میں اپنی منفرد پہچان رکھتی ہیں ،اس صنعت میں بہت پوٹینشنل ہے جسے بروئے کار لا کر برآمدات کو مزید بڑھایا جاسکتا ہے اور اس کیلئے ہر طرح کا تعاون پیش کر رہے ہیں۔ چیئرمین ایسوسی ایشن میاں عتیق الرحمان اور چیئرمین ایگزیبیشن ریاض احمد نے بتایا کہ نمائش میں مختلف ممالک سے بڑی تعدداد میں کمپنیوں کے نمائندے شریک ہیںاور ہم پر امید ہیں کہ عالمی نمائش میں بڑے پیمانے پر ہونے والے برآمدی سودوں سے اس صنعت کو تقویت ملے گی ۔غیر ملکی خریداروں کی جانب سے جس طرح سے پاکستانی مصنوعات میں دلچسپی ظاہر کی گئی ہے اس سے ہمارے حوصلے بلند ہوئے ہیں۔نمائش میں پنجاب کی جیلوں کے قیدیوں کے تیار کردہ قالینوں اور نیشنل کالج آف آرٹس کی طالبات نے بھی اپنی مصنوعات کا سٹال لگایا ۔
Daily Pakistan Online News, Sports, Blogs, Media
