کمیٹی تشکیل دی جائے جو ٹیکس وصولیوں سے ہونے والے اخراجات کو پبلک کرے’ چیئرمین قائمہ کمیٹی خزانہ کے نام خط
لاہور( ڈیلی پاکستان آن لائن)پاکستان ٹیکس بار نے چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کو خط لکھ کر تمام سرکاری افسران و ملازمین کی تنخواہوں ، ترقیاتی اور غیر ترقیاتی اخراجات کی تفصیلات فراہم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے تجویز دی ہے کہ ایک کمیٹی تشکیل دی جائے جو ٹیکس وصولیوں سے ہونے والے اخراجات کو پبلک کرے جس سے عوام کا اعتماد بحال کرنے میں مدد ملے گی ۔ پاکستان ٹیکس بار کے صدر انورکاشف ممتاز،سینئر نائب صدر زاہد عتیق چودھری،فاروق مجید ،نائب صدر عاشق علی رانا،جنرل سیکرٹری ریحان صدیقی،جوائنٹ سیکرٹری سید عرفان حیدر اورسیکرٹری اطلاعات عمران خان نے مزید کہا کہ ٹیکس دینے والوں کو یہ معلوم ہونا چاہیے کہ ان کے ٹیکسوں سے سرکاری تنخواہوں ،حکومتی اخراجات،ترقیاتی اورغیر ترقیاتی اخراجات کی مد میں کتنا پیسہ خرچ ہوتا ہے ۔ اگر عوام مطمئن ہوئے تو یقینی طو ر پر اس سے عوام کا ٹیکس کے نظام پر اعتماد بحال ہوگا جس سے ٹیکس کلچر فروغ پائے گا ۔انہوں نے کہا کہ بہت سے ممالک میں ٹیکس کے پیسے کی تفصیلات پبلک کی جاتی ہیں ،انفرادی طور پر بھی کوئی ٹیکس پیئر اپنے ٹیکس کے پیسے کی تفصیلات سے آگاہی حاصل کرنا چاہے تو اسے بغیر کسی عذر کی اس کی تفصیلات فراہم کی جاتی ہیں۔ انہوںنے کہا کہ عوام کا ٹیکس کے نظام پر اعتماد بحال کرنے کے لئے یہ اقدام نا گزیر ہے اور امید ہے کہ حکومت بھی اس پر سنجیدگی سے غور کرے گی ۔
Daily Pakistan Online News, Sports, Blogs, Media
