حکومت نوجوانوں کو خود مختار بنانے کیلئے منصوبے ڈیزائن کرے ‘ انٹر پرینیور، چیئرمین چلتن پیورو پاکستان
لاہور( ڈیلی پاکستان آن ائن)انٹرپرینیور و چیئرمین چلتن پیورپاکستان نجم مزاری نے کہاہے کہ پاکستان کی بہت سی مصنوعات تشہیر اور موثر مارکیٹنگ نہ ہونے کی وجہ سے عالمی منڈیوں تک رسائی حاصل کرنے میں ناکام ہیں ، سوشل میڈیا مارکیٹنگ کیلئے ناگزیر ٹول ہے ،حکومت اپنی سرپرستی میں پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت ایک ایسا پلیٹ فارم تشکیل دے جہاں نجی شعبے سے لوگ انفرادی طور پر اور چھوٹی کمپنیاں اپنی تشہیر کر اسکیں ،بیرون ممالک سے آرڈر ملنے کی صورت میں فریٹ میں بھی ریلیف اور رہنمائی دی جائے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں ملاقات کیلئے آنے والے فریش گریجوایٹس کے نمائندہ وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ نجم مزاری نے کہا کہ نوجوانوں کو دنیا میں سامنے آنے والے رجحانات کو سٹڈی کرنا چاہیے ،دبئی ڈیوٹی فری نے 2024 کے لئے 7.901 بلین درہم کی سالانہ فروخت کے نئے ریکارڈ قائم کئے ہیں جبکہ 2023 میں یہ حجم 7.3 بلین درہم تھا۔حکومت کو اس طرز پر منصوبے ڈیزائن کرنے چاہئیں جس سے نوجوان اپنے گھر والوں یا ریاست پر بوجھ نہ بنیں بلکہ جب وہ کمانے کیلئے مطلوبہ عمر تک پہنچیں تو مارکیٹ میں انہیں مشکلات پیش نہ آئیں ۔انہوں نے کہاکہ نوجوان سوشل میڈیا کو صرف تفریح کا ذریعہ نہ بنائیں بلکہ اس کے ذریعے نئے آئیڈیاز تلاش کریں۔انہوں نے کہاکہ ہماری بہت سی مصنوعات ایسی ہیںجنہیں بڑے شہروںتک رسائی حاصل نہیں لیکن وہ معیار کے اعتبار سے کسی بھی اچھے سے اچھے برانڈز کا مقابلہ کرتی ہیں، اس کے لئے بیرون ممالک سفارتخانوںکو متحرک کیا جائے انہیں پابند کیاجائے کہ وہ مختلف ممالک کے ائیر پورٹس کی حدود میں یا قریب ترین پاکستانی مصنوعات کے ڈسپلے کے لئے موزوں مقامات تلاش کریں ۔
Daily Pakistan Online News, Sports, Blogs, Media
