بشری بی بی کو صرف عمران خان کے شانہ بشانہ کھڑے رہنے کی سزا دی جارہی ہے ‘ مسرت جمشید چیمہ
راولپنڈی(ڈیلی پاکستان آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کی سینئر رہنما مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ بشری بی بی کو صرف عمران خان کے شانہ بشانہ کھڑے رہنے کی سزا دی جارہی ہے ، عوام کے دلوںمیں جس طرح عمران خان کے لئے عزت و احترام ہے اسی طرح بشری بی بی کے لئے بھی ہے، القادر ٹرسٹ کیس میں انتقام پر مبنی فیصلے پر پوری قوم سوگوار ہے لیکن (ن) لیگ والوں نے جشن کا ناکام ڈرامہ رچاکر اپنے ہاتھوں سے اپنے منہ پر کالک ملی ہے ۔اڈیالہ جیل میں پیشی کے بعد وکلاء کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ سیاسی بونے جب بشری بی بی کی کردار کشی ،ان کے خلاف منفی پراپیگنڈا او رجھوٹے کیسز بنانے کے بعد بھی نہیں تھکے تو یہ شوشہ چھوڑا گیا وہ ڈیل کر کے باہر آئی ہیں۔ ساری قوم ، پی ٹی آئی کے کارکنان یہ جانتے ہیں کہ بشری بی بی سے زیادہ کوئی بھی عمران خان سے وفادار نہیں ۔کیا عبادت کرنا اورشریعت کے مطابق صدقہ خیرات کرنا گنا ہ ہے؟، بد بختوں نے سیاسی مخالفت میں اس پر بھی تنقید کی اور کیچڑ اچھالا ۔جس طرح عمران خان پوری قوم کی عزت ،آن ،بان اورشان ہیں آ ج اسی طرح بشری بی بی کا بھی یہ مقام ہے ۔انہوں نے کہاکہ بشری بی بی نے اپنی قربانی سے وفادار بیوی ہونے کا ثبوت دیا ہے ، ان کا سیاست سے کوئی تعلق نہیں ، ان کے پاس کوئی عہدہ نہیں لیکن وہ اپنے خاوند کے ساتھ قید و بند کی صعوبتیں برداشت کر رہی ہیں ۔ سیاست میں نہ ہونے کے باوجود عمران خان کی ساری فیملی کو انتقام کا نشانہ بنایا گیا ہے ، ان کی بہنیں جھوٹے مقدمات کی صورت میں صعوبتیں برداشت کر رہی ہیں ۔انہوں نے کہاکہ القادر ٹرسٹ کیس کے فیصلے پر پوری قوم دکھی اور افسردہ تھی لیکن وفاقی اور پنجاب حکومت کے وسائل سے جشن کا ناکام ڈرامہ رچایا گیا ، جب آپ کے خلاف پانامہ کا فیصلہ آیا تھا اس وقت قوم نے حقیقی معنوںمیں مٹھائیاں بانٹی تھیں، آپ نے لوگوں کو پیسے دے کر یہ ڈرامہ رچانے کی ناکام کوشش کی اور ایکسپوز ہو گئے ۔انہوں نے کہاکہ کارکنان ڈٹ کر عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں، ہمارے لیڈر کا حوصلہ پست نہیں ہوا اور ہمیں اسی سے تقویت ملتی ہے ۔انہوں نے کہاکہ میں پنجاب کی وزیر اعلیٰ کو چیلنج دے کر جارہی ہوں ،آپ بغیر سکیورٹی کے لبرٹی یا کسی عوامی مقام پر جا کر دکھائیںآپ کو اپنی سیاسی حیثیت کا اندازہ ہو جائے گا۔
Daily Pakistan Online News, Sports, Blogs, Media
