ملک میں پائیدار ترقی کے لیے امن ، سیاسی استحکام ضروری ہے ‘چیئرمین پاکستان اسٹیل آئرن ایسوسی ایشن
لاہور( ڈیلی پاکستان آن لائن)چیئرمین پاکستان اسٹیل آئرن ایسوی ایشن و ایگزیکٹو ممبر پیاف راجہ راحیل اشفاق نے حکومت کے اڑان پاکستان پروگرام کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں پائیدار ترقی کے لیے امن اورسیاسی استحکام ضرری ہے ۔ انہوں نے اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ برآمدات کو فروغ دینے کے لیے انفارمیشن ٹیکنالوجی، ٹیکسٹائل اور زراعت کے شعبوں پر خصوصی توجہ دینا ہوگی ۔انہوں نے شہباز حکومت کی جانب سے 2035تک معیشت کا حجم ایک ٹریلین ڈالر تک بڑھانے کے لیے روڈ میپ کو سراہتے ہوئے کہا کہ ترقی یافتہ ممالک میں شامل ہونے کے لیے پاکستان کو ایسی ہی حکمت عملی کی ضرورت ہے۔ اڑان پاکستان پروگرام پاکستان کی اقتصادی بحالی کے لیے ایک اہم سنگ میل اور مکمل فریم ورک کا حامل ہے۔ راجہ راحیل اشفاق نے کہا کہ نجی شعبہ بھی اس ویژن کو کامیاب بنانے، برآمدات کو فروغ دینے اور ماحولیاتی بہتری کے لیے کردار ادا کرنے کو تیار ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اہم معاشی اہداف حاصل کرنے کے لیے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ ، پالیسیوں کے تسلسل، مضبوط انفراسٹرکچر اور باہمی تعاون کی اشد ضرورت ہے۔
Daily Pakistan Online News, Sports, Blogs, Media
