جمہوریت کی مضبوطی ،آئین و قانون کی سر بلندی کیلئے وکلاء کا کردار ناقابل فراموش ہے:وائس چیئر پرسن اوورسیز کمیشن پنجاب
لاہور( ڈیلی پاکستان آن لائن)وائس چیئر پرسن اوورسیز کمیشن پنجاب بیرسٹر امجد ملک نے کہا ہے کہ جمہوریت کی مضبوطی اورآئین و قانون کی سر بلندی کیلئے وکلاء کا کردار ناقابل فراموش ہے ،اصلاحات ،اوورسیز وکلاء اور اوورسیز شہریوںکے قانونی مسائل کے حل کیلئے پنجاب بار کونسل اور اوورسیز کمیشن مل کر کام کریں گے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے وائس چیئرمین پنجاب بار کونسل چودھری بابر وحید کی دعوت پر پنجاب بار کونسل کے دورہ کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ملاقات میں چیئرمین ایگزیکٹو کمیٹی پنجاب بار کونسل را ئوفضل الرحمان ،ممبران اعجاز خان بلوچ ، رانا محمد اکرم خان، میاں مراد بھٹی ،غلام جونی ،بیرسٹر حق نواز، غلام عباس بھٹی، شہزاد ڈوگر، حسن طور ،رانا شہباز احمد، چوہدری نثار علی خان ،میاں محمد حنیف ، عاطف مغل، شاف ذیشان ملک اور سید مظہر علی شاہ بھی موجود تھے۔پنجاب بار کونسل کے عہدیداروںنے بیرسٹر امجد ملک کو وائس چیئر پرسن اوورسیز کمیشن پنجاب کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی اور ان کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور ، اوورسیز وکلاء اوراوورسیز شہریوں کے مسائل کے حل کیلئے مل کر چلنے پر اتفاق کیا گیا ۔چودھری بابر وحید نے کہا کہ پنجاب بار کونسل اوورسیز وکلا ء اور اوورسیز شہریوں کی داد رسی کیلئے ہمیشہ اپنا کردار ادا کرے گی ۔ انہوں نے کہا کہ بیرسٹر امجد ملک اوورسیز پاکستانیوںکی توانا آواز ہیں ، اوورسیز پاکستانی اپنے ملک کے لئے اربوں ڈالر کا قیمتی زر مبادلہ بھجواتے ہیں جس پر ان سے اظہار تشکر کرتے ہیں ۔وائس چیئرمین چودھری بابر وحید اور چیئرمین ایگزیکٹو کمیٹی رائو فضل الرحمان نے بیرسٹر امجد ملک کو اعزازی شیلڈ بھی پیش کی ۔ بیرسٹر امجد ملک نے میزبان وکلا ء کو اوورسیز کمیشن پنجاب کا نشان پیش کیا اور شاندار میزبانی پر شکریہ ادا کیا ۔
Daily Pakistan Online News, Sports, Blogs, Media

