شفافیت کیلئے تمام ڈسٹرکٹ بارز کے امیدواروں سے بیان حلفی : وائس چیئرمین پنجاب بار کونسل
لاہور( ڈیلی پاکستان آن لائن)وائس چیئرمین پنجاب بار کونسل چودھری بابر وحید نے کہا ہے کہ وکلاء کے عمل سے ظاہر ہونا چاہیے کہ یہ آئین و قانون کی پیروی کرنا والا طبقہ ہے ،کسی بھی معاملے میں شفافیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا ،ڈسٹرکٹ بارز کے انتخابات میں کسی طرح کی سنگین بے ضابطگی پر امیدوار کے انتخاب لڑنے پر تاحیات پابندی عائد کی جائے گی ،لاہور میں ووٹوں کی خرید فروخت کی شکایات ملتے ہی فوری کارروائی کرتے ہوئے اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دی تاکہ مافیا کا خاتمہ کیا سکے،الیکشن کی شفافیت کے لئے تمام ڈسٹرکٹ بارز کے امیدواروں سے بیان حلفی لیا جائے گا اور اس مقصد کے لئے انہیں مدعو کر لیا گیا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر پنجاب بار کونسل ایگزیکٹو کمیٹی کے چیئرمین رائوفضل الرحمن ،سیکر ٹری پنجاب بار کونسل رفاقت علی سوہل،سابق وائس چیئرمینزفرحان شہزاد ،کامران بشیر مغل،امجد اقبال خان ،رانا عمیر اوردیگر بھی موجود تھے۔وائس چیئرمین پنجاب بار کونسل چودھری بابر وحید نے کہا کہ الیکشن شیڈول جاری کر کے ووٹرزلسٹیں فائنل کر لی جائیں کیونکہ بعد میں کوئی ضمنی ووٹر لسٹ جاری نہیں ہوگی،تمام ڈسٹرکٹ بارز پنجاب بار کونسل کے ڈیجیٹل سسٹم کے تحت الیکشن کروائیں تاکہ شفافیت کو یقینی بنایا جا سکے، ڈسٹرکٹ بارز کے انتخابات کی خود نگرانی کروں گا، کسی طرح کی بے ضابطگی کو روکنے کے لئے خواتین امیدواروں اورخواتین وکلا ء کے معاملات کو ممبر پنجاب بار کونسل رشدہ لودھی جبکہ مرد وکلا ء اور امیدواروں کو ذبیع اللہ ناگرہ اور عرفان تارڈ دیکھیں گے،اگر کوئی الیکشن رولز،ایس او پیزکی خلاف ورزی یا کسی طرح کی سنگین بے ضابطگی میں ملوث پایا گیا تو وہ نہ صرف الیکشن کے لئے نااہل ہوگا بلکہ اس پر تاحیات انتخابات لڑنے پر بھی پابندی عائد کی جائے گی۔
Daily Pakistan Online News, Sports, Blogs, Media

