انقرہ(ڈیلی پاکستان آن لائن +این این آئی )امریکی وزیرِ خارجہ انٹونی بلنکن اور ترک وزیرِ خارجہ ہاکان فیدان نے بشار الاسد کے زوال کے بعد شام میں داعش کے دوبارہ سر اٹھانے سے نمٹنے کے لیے مسلسل کوششوں کی ضرورت پر تبادل خیال کیا۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق بلنکن نے انقرہ میں فیدان سے ملاقات کے بعد کہاکہ ہمارے ممالک نے کئی سالوں میں بہت محنت کی اور داعش کی علاقائی خلافت کے خاتمے کو یقینی بنانے کے لیے بہت کچھ کیا۔ اس بات کو یقینی بنانے کے لیے کہ خطرہ دوبارہ سر نہ اٹھائے، ہمارا ان کوششوں کو جاری رکھنا ضروری ہے۔ملاقات میں شام میں استحکام قائم کرنے کے ایک اہم پہلو پر بھی توجہ مرکوز کی گئی اور وہ تھا: ملک کے شمال میں امریکی حمایت یافتہ کرد افواج اور ترکی کی حمایت یافتہ حزبِ اختلاف کی افواج کے درمیان جھڑپیں۔فیدان نے ملاقات کے بعد کہا کہ ترکی کی ترجیح شام میں استحکام کو جلد از جلد یقینی بنانا ہے تاکہ دہشت گردی کو سر اٹھانے اور داعش اور پی کے کے کو وہاں غلبہ حاصل کرنے سے روکا جائے۔انہوں نے کہاکہ ہم نے تفصیل سے بات کی کہ ہم اس سلسلے میں کیا کر سکتے ہیں، ہمارے مشترکہ خدشات کیا ہیں اور ہمارے مشترکہ حل کیا ہونے چاہئیں۔
Daily Pakistan Online News, Sports, Blogs, Media
