لاہور ( ڈیلی پاکستان آن لائن +این این آئی) پنجاب اسمبلی ارکان، وزراء اور مشیران کی تنخواہوں میں لاکھوں روپے اضافے کا بل تیار کر لیا گیا جو کہ کل (پیر ) کے روز پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں پیش ہوگا۔ذرائع کے مطابق نیا سال 2025ء پنجاب کے ارکان اسمبلی، صوبائی وزرا، معاونین خصوصی اور مشیران وزیر اعلی کیلئے تنخواہوں میں اضافے کا سال ثابت ہونے جا رہا ہے۔تنخواہوں کے اضافے کا بل پیر کے روز شروع ہونے والے پنجاب اسمبلی کے اجلاس کے ایجنڈے میں شامل کر لیا گیا ہے۔پنجاب اسمبلی کی منظوری بعد نوٹیفکیشن جاری ہوگا۔ ذرائع کے مطابق اس وقت رکن پنجاب اسمبلی کی تنخواہ ایک لاکھ روپے ماہانہ ہے۔تاہم بل کی منظوری کے بعد پنجاب میں ایم پی اے کی تنخواہ 5لاکھ روپے ہو جائے گی۔ سپیشل اسسٹنٹ اور مشیر کی تنخواہ 7لاکھ روپے ہوگی۔ پارلیمانی سیکرٹری کی تنخواہ 6لاکھ روپے ہو جائے گی۔ ڈپٹی سپیکر کی تنخواہ 8لاکھ روپے ہوگی۔جبکہ صوبائی وزیر اور سپیکر پنجاب اسمبلی کی تنخواہ 10لاکھ روپے ہو جائے گی ۔ذرائع کے مطابق نئے سال کے شروع ہوتے ہی پنجاب اسمبلی کے اراکین کی تنخواہوں میں اضافہ ہو جائے گا۔
Daily Pakistan Online News, Sports, Blogs, Media
