اوورسیز کیلئے جامع ،موثر پالیسی مرتب کرنے کی ضرورت ہے
اوورسیز پاکستانی، سرمایہ کار،سفیر برائے تعلیم یوکے
لاہور( ڈیلی پاکستان آن لائن)اربوں ڈالر کی ترسیلات زر بھجوانے والے اوورسیز پاکستانیوں کوبھی برآمدی شعبوں کی طرز پر مراعات دی جائیں ،اوور سیز پاکستانیوں کا اعتماد بحال ہونے سے ملک میں وسیع پیمانے پر سرمایہ کاری آ سکتی ہے جس سے غیر ملکی سرمایہ کار بھی راغب ہوں گے ، پاکستانی طلبہ کو تعلیم کے ساتھ جدید ہنر بھی سیکھنے چاہئیں ۔ ان خیالات کا اظہار اوورسیز پاکستانی ، سرمایہ کاراوریوکے میں سفیر برائے تعلیم شہباز علی ملک نے اپنے دفتر میں ملاقات کے لئے آنے والے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ نوجوان ملک کا اثاثہ ہیں اس لئے حکومت کو ان پر بھرپور سرمایہ کاری کرنی چاہیے ، ہم تعلیم کے حصول کے لئے دیار غیر میں آنے والے طلبہ کی رہنمائی کرتے ہیں اور انہیں جہاں کسی بھی طرح کی معاونت کی ضرورت ہوتی ہے اس کے لئے بھی عملی کاوشیں کی جاتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کے لئے جامع اور موثر پالیسی مرتب کرنے کی ضرورت ہے جس کے تحت ان کے دیرینہ مسائل حل ہوں، پاکستان میں ان کی جائیدادوں اور سرمایہ کاری کو تحفظ حاصل ہو ، ملک میں ہر سال اربوں ڈالر کی ترسیلات زر بھجوانے کی وجہ سے انہیں وی وی آئی پی کا درجہ دیا جانا چاہیے ، انہیں سہولیات اور مراعات ملنی چاہیے تاکہ یہ طبقہ زیادہ پرجوش انداز میں ملک میں سرمایہ کاری کرے ۔
Daily Pakistan Online News, Sports, Blogs, Media

