لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن)صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین کے دورہ چین کے ثمرات سامنے آنا شروع ہوگئے ،اب موبائل فون پنجاب میں تیار ہوں گے۔صوبائی وزیر نے انڈسٹریل اسٹیٹ فیصل آباد میں وی وو موبائل فون کمپنی کے مینوفیکچرنگ پلانٹ کی تعمیر کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔آئندہ دو سال میں پلانٹ کی تکمیل پر موبائل فون کی مینوفیکچرنگ شروع ہو جائے گی۔تقریب میں چین کی وی وو موبائل کمپنی کے حکام اور فیڈمک کے سی ای او میاں جمیل احمد بھی موجود تھے۔صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے اس موقع پرگفتگو کرتے ہوئے کہاکہ چین کی کمپنی کا پنجاب میں موبائل فون کی اسمبلنگ کے بعد مینوفیکچرنگ میں آنا خوش آئند امر ہے۔موبائل فون کی مقامی سطح پر تیاری سے فون کی قیمت میں کمی آئے گی۔چوہدری شافع حسین نے کہاکہ پنجاب میں مقامی اور بیرونی سرمایہ کاروں کیلئے سرمایہ کاری کا بہترین وقت ہے۔چین سمیت دیگر غیر ملکی کمپنیاں پنجاب میں سرمایہ کاری بڑھا رہی ہیں۔پنجاب میں جلد اربوں روپے کی براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری آئے گی۔پنجاب میں سرمایہ کاروں کو بہترین سہولیات اور مراعات دی جا رہی ہیں۔صوبائی وزیر نے موبائل فون مینوفیکچرنگ پلانٹ کے تعمیراتی عمل کا مشاہدہ کیا اور شجر کاری مہم کے حوالے سے پودا بھی لگایا۔
Daily Pakistan Online News, Sports, Blogs, Media
