ملک بھر کے کسان سڑکوں پر نکل آئے تو حکومت کو ایک نئے امتحان کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے ‘چوہدری نور الٰہی تتلہ
نارووال(ڈیلی پاکستان آن لائن)کسان بور ڈ پاکستان کے مرکزی رہنما چوہدری نور الٰہی تتلہ ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ ملک بھر کے کسان سڑکوں پر نکل آئے تو حکومت کو ایک نئے امتحان کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے لہٰذا حکومت گندم کی امدادی قیمت کا فوری اعلان کرے۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ اگر حکومت نے امدادی قیمت کا اعلان نہ کیا تو ملک میں آنے والے دنوں میں آٹے کا بحران پیدا ہوگا ،وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف نے سستے آٹے کے دعوے کیے لیکن گندم کو بے یار و مددگار چھوڑ دیا اب بھی گندم کی کاشت 40فیصد ہوئی ہے 60فیصد رقبے پر ابھی تک گندم کاشت نہیں ہوئی ،کسان مایوس ہو گئے ہیں۔ انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف کو تجویز دی ہے کہ وہ فوری طور پر گندم کی امدادی قیمت اور اس کی خریداری کے اہداف کا اعلان کریں تاکہ ایک ارب ڈالر کی گندم درامد کرنے سے بچا جا سکے۔ وفاقی اور صوبائی حکومتیں ربیع 2024-25میں گندم کی بوائی کے رقبے میں کمی کو روکنے کے لیے فوری طور پر پالیسی کا اعلان کر سکتے ہیں ۔ چوہدری نور الٰہی تتلہ نے خبردار کیا کہ گندم کا قحط آنے والا ہے آج گندم کا ریٹ طے کر دیا جائے تو 20فیصد رقبے پر گندم زیادہ کاشت ہو جائے گی ۔انہوں نے کہا کہ کسان بری طرح متاثر ہو چکے ہیں ملک بھر کا کسان سڑکوں پر نکل آئے تو حکومت کو ایک نئے امتحان کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے ۔کھادیں یوریا ڈی اے پی بجلی اور ڈیزل سمیت تمام چیزیں کسان کو بلیک میل میں دگنی قیمتیں وصول کی گئی ہیں زرعی مداخل دگنا سے بھی تجاوز کر چکے ہیں وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے خدمت کے دعوے کیے تھے لیکن افسوس وہ بھی اپنے دعوئوں میں ناکام ہو چکی ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت نے کسان دشمن اور ظالمانہ پالیسی بنائی ہے ۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت فوری طور پر گندم کی سپورٹ پرائس کا اعلان کریتاکہ کسان ان کی حکومت میں سکھ کا سانس لے سکیں۔
Home / پاکستان / آٹے کے بحران کا خدشہ ،حکومت فوری طور پر گندم کی امدادی قیمت کا اعلان کرے ‘کسان بورڈ پاکستان
Daily Pakistan Online News, Sports, Blogs, Media
