زخمی ملزمان کے قبضے سے اسلحہ، موبائل فونز، نقدی اور موٹر سائیکلیں برآمد ہوئیں، پولیس
شہر قائد کے مختلف علاقوں میں پولیس کے مبینہ مقابلوں کے دوران 9 ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار کرلیے گئے گرفتار ملزمان کے قبضے سے اسلحہ، موبائل فونز، نقدی اور موٹرسائیکلیں بھی برآمد ہوئی ہیں۔
چھیپا حکام کے مطابق اورنگی ٹاؤن نمبر 7 ندی کے قریب پولیس کے مبینہ مقابلے میں 2 ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار کیے گئے۔
زخمی ملزمان کی شناخت فیضان اور عبدالرحمان کے نام سے ہوئی جنہیں عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا۔ ملزمان کے قبضے سے 2 پستولیں، موبائل فونز، نقد رقم اور موٹرسائیکل برآمد ہوئی۔
دوسری جانب صدر میں پارکنگ پلازہ لنڈا بازار کے قریب بھی مبینہ پولیس مقابلہ ہوا جس کے دوران 2 ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار کرلیے گئے۔
زخمی ملزمان کی شناخت 18 سالہ ارمان اور 23 سالہ عبداللہ کے نام سے ہوئی جنہیں جناح اسپتال منتقل کردیا گیا۔
نیوکراچی پولیس کے مطابق سیکٹر 11 آئی میں حافظ جی مزار کے قریب مبینہ مقابلے کے دوران 2 ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار ہوئے۔
ملزمان کی شناخت اللہ رکھا اور شہباز کے نام سے ہوئی جنہیں طبی امداد کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا۔
پولیس نے ملزمان کے قبضے سے 2 پستولیں، موبائل فون، نقد رقم اور موٹرسائیکل برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
ادھر کورنگی انڈسٹریل ایریا میں کراسنگ اٹک پمپ کے قریب پولیس کے مبینہ مقابلے میں 3 ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار کیے گئے۔
چھیپا حکام کے مطابق زخمی ملزمان کی شناخت کامران، جواد اور عبدالوہاب کے نام سے ہوئی جنہیں جناح اسپتال منتقل کردیا گیا۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان سے برآمد ہونے والے اسلحے اور دیگر سامان کی جانچ جاری ہے جبکہ تمام واقعات کی مزید تفتیش بھی کی جارہی ہے۔
