• ستمبر 24, 2026
  • آخری اپڈیٹ ستمبر 24, 2026 10:18 شام
  • پاکستان

امریکا نے ایران ایئر کو لینڈنگ، ٹکٹنگ اور دیگر خدمات کی فراہمی پر پابندیاں عائد کی تھیں

امریکا کی جانب سے لینڈنگ، ٹکٹنگ اور دیگر خدمات کی فراہمی پر عائد پابندیوں کے باعث ایران ایئر کی متحدہ عرب امارات کے لیے اپنی تمام پروازیں منسوخ کردیں۔

ایرانی خبررساں ادارے ’اِسنا‘ کے مطابق ایرانی ایئرلائنز کی یو اے ای کیلئے پروازیں گزشتہ رات نصف شب سے روک دی گئی ہیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ امریکی وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ نے اعلان کیا تھا کہ امریکی پابندیوں کے تحت ایرانی ایئرلائنز کی عالمی سطح پر سرگرمیاں 23 ستمبر سے روک دی جائیں گی جس کے بعد مختلف ممالک نے بھی اس حوالے سے اقدامات کیے۔

ایرانی میڈیا کے مطابق پابندیوں کے نتیجے میں یو اے ای کیلئے ایرانی فضائی آپریشن بھی متاثر ہوئے ہیں، تاہم پروازوں کی بحالی سے متعلق فوری طور پر کوئی اطلاع سامنے نہیں آئی۔

دو روز قبل امریکی وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ نے خبردار کیا تھا کہ امریکی پابندیوں کے باعث ایرانی ایئرلائنز کے لیے 23 ستمبر سے دنیا بھر میں اپنا فضائی آپریشن جاری رکھنا انتہائی مشکل ہوجائے گا۔

سی این بی سی کو انٹرویو دیتے ہوئے امریکی وزیر خزانہ کا مزید کہنا تھا کہ امریکی پابندیوں کا دائرہ صرف ایرانی فضائی کمپنیوں تک محدود نہیں ہوگا بلکہ بیرون ملک موجود وہ ادارے بھی امریکی پابندیوں کی زد میں آسکتے ہیں جو ایرانی طیاروں کو سہولیات فراہم کریں گے۔

امریکی وزیر خزانہ کے بقول اگر کوئی ہوائی اڈہ ایرانی طیارے کو ایندھن فراہم کرتا ہے یا اسے لینڈنگ کی سہولت دیتا ہے تو متعلقہ ادارے کو امریکی مالیاتی نظام سے باہر کیے جانے کا خطرہ ہوگا۔

انھوں نے مزید کہا کہ اسی طرح ایرانی ایئرلائنز کے ٹکٹس فروخت کرنے والی کمپنیوں کو بھی امریکی پابندیوں کے تحت سخت کارروائی کا سامنا ہوسکتا ہے۔

یاد رہے کہ امریکی محکمہ خزانہ نے 8 ستمبر کو ایران کے باقی ماندہ ایئرلائنز سمیت ہوا بازی کے شعبے سے منسلک متعدد اداروں اور کمپنیوں کو بھی پابندیوں میں شامل کیا تھا۔

امریکی وزیر خذانہ نے یہ بھی بتایا کہ ایرانی پابندیوں پر عمل درآمد کے معاملے میں چینی مالیاتی حکام سے مثبت بات چیت جاری ہے اور چینی حکام اس معاملے میں کافی سرگرم ہیں۔

ماخذ: Express Urdu اصل خبر پڑھیں
administrator

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے