رپورٹس کے مطابق میسجنگ ایپ کے آئی او ایس ورژن میں ایک نئے کانٹیکٹس ٹیب پر کام جاری ہے
انسٹنٹ میسجنگ ایپلی کیشن واٹس ایپ اپنے صارفین کے لیے ایک نئے فیچر کی آزمائش کر رہا ہے، جس کے ذریعے دوستوں اور اہلِ خانہ کی سالگرہ یاد رکھنا مزید آسان ہو جائے گا۔
رپورٹس کے مطابق میسجنگ ایپ کے آئی او ایس ورژن میں ایک نئے کانٹیکٹس ٹیب پر کام جاری ہے، جہاں صارفین کو ان کے محفوظ کردہ رابطوں کی سالگرہ سے متعلق یاد دہانیاں دکھائی جا سکتی ہیں۔
یہ فیچر فی الحال آزمائش کے مرحلے میں ہے لیکن مستقبل میں اسے اینڈرائیڈ صارفین کے لیے بھی پیش کیے جانے کا امکان ہے۔
واٹس ایپ کے نئے نیویگیشن ڈیزائن میں موجودہ اپ ڈیٹس ٹیب کو تبدیل کرکے کانٹیکٹس ٹیب شامل کیا جا رہا ہے، جبکہ اسٹیٹس اپ ڈیٹس اور چینلز کو چیٹس سیکشن میں منتقل کیے جانے کی توقع ہے۔
سالگرہ کی یاد دہانی کے لیے واٹس ایپ ممکنہ طور پر صارف کے فون کی کانٹیکٹس ایپ میں پہلے سے محفوظ سالگرہ کی معلومات استعمال کرے گا، جس کا مطلب ہے کہ صارفین کو واٹس ایپ میں الگ سے سالگرہ کی فہرست بنانے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔
اگر کسی محفوظ کانٹیکٹ کی سالگرہ ہو تو کانٹیکٹس ٹیب میں اس شخص کے نام کے ساتھ کیک ایموجی اور 'برتھ ڈے ٹوڈے' کا پیغام دکھایا جا سکتا ہے۔ یہ یاد دہانی دن بھر نمایاں رہنے کی توقع ہے تاکہ صارف اپنے دوست یا عزیز کو بروقت سالگرہ کی مبارک باد دے سکیں۔
فی الحال یہ فیچر آزمائشی مرحلے میں ہے اور واٹس ایپ کی جانب سے اس کی باضابطہ دستیابی یا حتمی شکل کے بارے میں اعلان نہیں کیا گیا۔
