• اکتوبر 7, 2026
  • آخری اپڈیٹ اکتوبر 7, 2026 7:38 شام
  • پاکستان

عمر کے آخری حصے تک وہ اداکاری سے منسلک رہیں اور ’سپرمین ریٹرنز‘ اور ’ونٹرز ٹیل‘ سمیت مختلف فلموں میں کام کیا

ہالی ووڈ کی معروف اداکارہ اور آسکر ایوارڈ یافتہ اسٹار ایوا میری سینٹ 102 برس کی عمر میں انتقال کرگئیں۔ اداکارہ نے منگل کو لاس اینجلس میں واقع اپنے گھر میں اہل خانہ اور قریبی عزیزوں کی موجودگی میں آخری سانس لی۔

ان کے نمائندے جیف سینڈرسن کے مطابق اداکارہ کا انتقال طبعی وجوہات کے باعث ہوا۔ ایوا میری سینٹ نے تقریباً سات دہائیوں پر محیط اپنے کیریئر میں فلم اور ٹیلی وژن دونوں شعبوں میں نمایاں مقام حاصل کیا۔

ان کا فلمی سفر 1954 کی معروف فلم ’آن دی واٹر فرنٹ‘ سے شروع ہوا، جس میں انہوں نے مارلن برانڈو کے ساتھ اداکاری کی۔ پہلی ہی فلم میں ان کی کارکردگی نے انہیں بہترین معاون اداکارہ کا آسکر ایوارڈ دلوا دیا اور یوں انہوں نے ہالی ووڈ میں اپنے لیے مضبوط جگہ بنالی۔

1959 میں الفریڈ ہچکاک کی سسپنس تھرلر ’نارتھ بائی نارتھ ویسٹ‘ ان کے کیریئر کی ایک اور اہم فلم ثابت ہوئی۔ اس فلم میں وہ کیری گرانٹ کے مقابل ایک جاسوس کے مرکزی کردار میں نظر آئیں۔

اپنے طویل فنی سفر کے دوران ایوا میری سینٹ نے پال نیومین اور وارن بیٹی سمیت کئی بڑے اداکاروں کے ساتھ کام کیا۔ فلمی دنیا کے ساتھ ساتھ ٹیلی وژن پر بھی ان کی کامیابیوں کا سلسلہ جاری رہا اور 1990 میں ’پیپل لائک اَس‘ کے لیے انہیں ایمی ایوارڈ سے نوازا گیا۔

عمر کے آخری حصے تک وہ اداکاری سے منسلک رہیں اور ’سپرمین ریٹرنز‘ اور ’ونٹرز ٹیل‘ سمیت مختلف فلموں میں کام کیا۔ انہیں آخری مرتبہ 2019 میں ریلیز ہونے والی فلم ’میریئٹ اِن ایکسٹیسی‘ میں اسکرین پر دیکھا گیا تھا۔

نجی زندگی میں ایوا میری سینٹ نے ٹی وی ڈائریکٹر جیفری ہیڈن سے شادی کی تھی اور دونوں تقریباً 65 برس تک شریک حیات رہے۔ جیفری ہیڈن 2016 میں انتقال کرگئے تھے۔ اس جوڑے کے دو بچے ہیں۔

ماخذ: Express Urdu اصل خبر پڑھیں
administrator

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے