پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 7 لاکھ روپے لوٹنے والے ڈاکو کو نجی سوسائٹی سے گرفتار کرلیا
جنوبی چھاؤنی بھٹہ چوک کے قریب نجی بینک میں ایک ڈاکو نے کیش کاؤنٹر سے 7 لاکھ روپے لوٹ لیے جبکہ دورانِ ڈکیتی ڈاکو انگریزی میں گفتگو بھی کرتا رہا۔
واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آگئی جس میں دیکھا گیا کہ نقاب پوش مسلح ڈاکو نے دو سیکیورٹی گارڈ کو یرغمال بنا کر واردات کی، ڈاکو مہنگی کار میں سوار ہو کر بینک آیا اور انگلش بھی بولتا رہا۔
فوٹیج میں دیکھا گیا کہ ڈاکو نے اسلحے کی نوک پر سیکیورٹی گارڈ کی مدد سے کار سے سوٹ کیس نکلوایا، جس کے بعد ایک گارڈ پر پستول تان کر دوسرے گارڈ سے اس کا اسلحہ نیچے رکھوا لیا۔ بعد ازاں ڈاکو اسی گارڈ کو پستول کی نوک پر یرغمال بنا کر کیش کاؤنٹر تک پہنچا۔
ڈاکو واردات کے بعد سیدھا اپنے گھر گیا، تاہم پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ڈاکو کو نجی سوسائٹی سے گرفتار کرلیا۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزم کی شناخت سبحان کے نام سے ہوئی ہے، جو کچھ عرصہ قبل بیرونِ ملک سے واپس لوٹا تھا۔
پولیس نے ڈاکو کو ٹریس کرکے گرفتار کیا جس سے مزید تفتیش جاری ہے۔
