وارنٹ گرفتاری سول کورٹ کے سال 2000 کے فیصلے پر عملدرآمد نہ ہونے پر جاری کیے گئے
سول کورٹ کے سال 2000 کے فیصلے پر عملدرآمد نہ ہونے پر عدالت نے چیئرمین سی ڈی اے اور کمشنر اسلام آباد کے قابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔
متاثرہ محمد رشید نے فیصلے پر عملدرآمد کے لئے عدالت سے رجوع کررکھا ہے، سول جج نصیر الدین نے مقدمے میں ڈگری پر عمل درآمد سے متعلق درخواست کی سماعت کی۔
مقدمے کی ڈگری سال 2000 میں درخواست گزار کے حق میں منظور ہوئی تھی، معاملہ سپریم کورٹ تک پہنچا، جہاں درخواست گزار کے حق میں فیصلہ برقرار رہا۔
درخواست گزار کے مطابق زمین ایکوائر کرنے کے باوجود بحالی و ری ہیبیلیٹیشن پالیسی کے تحت تاحال معاوضہ نہیں دیا گیا، درخواست گزار کی جانب سے ڈگری پر مکمل عمل درآمد نہ ہونے کیخلاف عدالت سے رجوع کیا گیا ہے۔
درخواست گزار کی جانب سے بیرسٹر حسنین حیدر تھہیم بطور ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے، انہوں نے عدالت سے ڈگری پر مؤثر اور مکمل عمل درآمد کرانے کی استدعا کی۔
فیصلے پر عمل درآمد نہ ہونے پر سول جج نصیر الدین نے چیئرمین سی ڈی اے اور کمشنر اسلام آباد کے قابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے۔
عدالت نے متعلقہ حکام کو ڈگری پر عمل درآمد یقینی بنانے کے لیے قانونی کارروائی کا سامنا کرنے کا حکم دے دیا۔
