عدالت نے چینی شہری بائی شیاؤمنگ، نعمان عابد ملک اور حسنین محمود کو مجرم قرار دیا
ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد نے آن لائن اور الیکٹرانک فراڈ کیس میں ملوث غیر ملکی سمیت 3 مجرموں کو سات، سات سال قید کی سزا سنا دی۔ سینئر سول جج/جوڈیشل مجسٹریٹ ملک امان نے فیصلہ سنایا۔
عدالت نے چینی شہری بائی شیاؤمنگ، نعمان عابد ملک اور حسنین محمود کو مجرم قرار دیا، جبکہ کیس میں ملوث ملکی و غیر ملکی 9 ملزمان کو اشتہاری قرار دے دیا گیا۔ عدم ثبوت پر زو چنگ لیانگ، شہزادہ ایاز لطیف اور حمزہ شاہنواز کو بری کردیا گیا۔
عدالت نے دفعہ 420 کے تحت تینوں مجرموں کو 5، 5 سال قیدِ با مشقت اور 50، 50 ہزار روپے جرمانے کی سزا سنائی۔ پیکا ایکٹ 2016 کی دفعہ 14 کے تحت تینوں مجرموں کو مزید 2، 2 سال قید اور 2، 2 لاکھ روپے جرمانے کی سزا دی گئی۔
عدالت کے مطابق فیس بک پر ’بارکلیز بینک‘ کے جعلی اشتہار کے ذریعے اسلام آباد کے شہری حارث احمد شیخ سے ایک کروڑ 93 لاکھ 91 ہزار روپے کا فراڈ کیا گیا۔ بارکلیز بینک اور اس کے مبینہ سی ای او ’ول تھامسن‘ کے نام اور لوگو کا غلط استعمال کرکے واٹس ایپ گروپس اور جعلی ایپ کے ذریعے رقم بٹوری گئی۔
فراڈ میں پہلے 12 ہزار روپے کی سرمایہ کاری پر 900 روپے منافع دے کر شہری کا اعتماد حاصل کیا گیا۔ مجرم حسنین محمود کے بینک اکاؤنٹ میں صرف 14 دن کے اندر 25 لاکھ روپے سے زائد کی غیر معمولی رقم منتقل اور نکلوائی گئی۔
عدالت کے مطابق مجرم نعمان عابد کی کمپنی ’نیو گیٹس ٹیکنالوجیز‘ اور چینی شہری کی کمپنی ’بی ایکس ایم انٹرنیشنل‘ کے اکاؤنٹس کا فراڈ میں استعمال بھی ثابت ہوا۔
