• ستمبر 20, 2026
  • آخری اپڈیٹ ستمبر 20, 2026 1:09 شام
  • پاکستان

24سال سے قید بچوں نے پہلی بار سورج کی روشنی دیکھی

آگ اور بجلی کے بغیر کھانا پکانے کا بیگ، حیرت انگیز ایجاد

لندن سے بنگلادیش جانے والی پرواز میں مسافر لڑ پڑے، ویڈیو وائرل

شوہر نے میکے سے واپس نہ آنے پر بیوی کی ناک کاٹ دی

کراچی/اسلام آباد: ملک بھر میں میڈیکل اور ڈینٹل کالجز کے داخلہ ٹیسٹ آج ہو رہے ہیں، ایم ڈی کیٹ امتحان کا آغاز 10 بجے ہو گیا ہے جو ایک بجے تک جاری رہیں گے۔ سیبا ٹیسٹنگ سروسز کے مطابق ایم ڈی کیٹ کا دورانیہ 3 گھنٹے ہے۔

پاکستان میں 34 امتحانی مراکز کے علاوہ سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں بھی مرکز قائم کیا گیا ہے۔ پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل کے مطابق رواں سال ایم ڈی کیٹ کے لیے ملک بھر سے مجموعی طور پر ایک لاکھ 38 ہزار 160 امیدوار رجسٹرڈ ہیں۔ ریاض میں 237 امیدوار امتحان دے رہے ہیں۔

امیدواروں کو امتحان مکمل ہونے سے قبل ٹیسٹ سینٹر چھوڑنے کی اجازت نہیں ہوگی، امتحان کے بعد کسی بھی امیدوار کو سوالیہ پرچہ ساتھ لے جانے کی اجازت بھی نہیں ہے، سوالیہ پرچہ واپس نہ کرنے پر امیدوار کا نتیجہ منسوخ کر دیا جائے گا، موبائل سمیت ڈیجیٹل ڈیوائسز ساتھ لانے پر پابندی عائد کی گئی تھی۔

پی ایم ڈی سی کے مطابق پنجاب میں 49 ہزار 199، خیبرپختونخوا میں 38 ہزار 841 اور سندھ میں 34 ہزار 233 امیدوار ٹیسٹ دیں گے۔ بلوچستان میں 9 ہزار 923، آزاد کشمیر میں 2 ہزار 761 اور گلگت بلتستان میں 1 ہزار 761 امیدوار رجسٹرڈ ہیں۔ اسلام آباد میں 1 ہزار 245 اور ریاض میں 237 امیدوار امتحان دینے کے اہل ہیں۔

ہر صوبے کے لیے علیحدہ پرچہ ہوگا، کم از کم 2 اضافی پرچے بھی تیار کیے گئے ہیں۔ ہر پرچے میں امیدواروں کے لیے 180 سوالات شامل ہیں۔ ایم ڈی کیٹ کا انعقاد صوبائی حکام اور نامزد جامعات کی ذمے داری ہے۔

اسلام آباد / ایم ڈی کیٹ 2026

اسلام آباد کے 4 امتحانی مراکز میں امیدوار طے شدہ وقت صبح 7 سے 9 کے درمیان پہنچ گئے ہیں، زیڈ بی ایم یونیورسٹی اور ایئر یونیورسٹی سینٹر کے علاوہ آئی بی اے سندھ کے امیدوار پی این سی اے سنٹر پہنچے، جب کہ بلوچستان کے امیدوار نسٹ یونیورسٹی سینٹر پہنچے۔

پنجاب/لاہور ایم ڈی کیٹ

ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ پنجاب کے 15 شہروں میں ہو رہے ہیں، جس میں 49 ہزار 201 امیدوار شریک ہیں، لاہور میں ایم ڈی کیٹ کے 6 مراکز قائم ہیں، جن میں 12 ہزار 30 امیدوار امتحان دے رہے ہیں۔

لاہور میں 9 ہزار 150 طالبات اور 2 ہزار 880 طلبہ کا ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ ہو رہا ہے، پنجاب یونیورسٹی ایگزامینیشن ہال وحدت روڈ میں 4 ہزار 400 طالبات ایم ڈی کیٹ دے رہی ہیں، کالج فار ویمن یونیورسٹی میں ایک ہزار 600 طالبات، یونیورسٹی آف ایجوکیشن ٹاؤن شپ میں ایک ہزار 624 طالبات ایم ڈی کیٹ دے رہی ہیں۔

ڈویژنل پبلک اسکول ٹاؤن شپ میں 881 طلبہ، بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن ایگزامینیشن ہالز لارنس روڈ میں 2 ہزار طلبہ، کامسیٹس یونیورسٹی لاہور کیمپس ڈیفنس روڈ میں ایک ہزار 525 طلبہ و طالبات ایم ڈی کیٹ دے رہے ہیں۔

لاہور کے تمام امتحانی مراکز میں داخلہ و اخراج سمیت امتحانی ہالز کی پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کے کیمروں سے 24 گھنٹے نگرانی ہو رہی ہے، امیدواروں کی نادرا بائیو میٹرک تصدیق بھی کی جا رہی ہے، پنجاب بھر میں تقریباً 3,700 نگران و سپروائزری عملہ تعینات ہے، جب کہ مراکز کے اطراف دفعہ 144 نافذ ہے، واک تھرو گیٹس، اسکینرز اور سیکیورٹی اہلکار تعینات ہیں۔

راولپنڈی

راولپنڈی میں 6240 امیدوار امتحان میں حصہ لے رہے ہیں، اور 3 امتحانی مراکز قائم کیے گئے ہیں، جن میں بارانی یونیورسٹی، پوسٹ گریجویٹ کالج اور صدیق پبلک اسکول شامل ہیں۔ تینوں مراکز کے باہر پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے، ڈپٹی کمشنر راولپنڈی سمیت اہم ضلعی افسران خصوصی طور پر موجود ہیں، اور ریسکیو 1122 سمیت متعلقہ اداروں کو الرٹ رکھا گیا ہے۔

امتحانی مراکز میں پانی، بیٹھنے کی جگہ اور سائے کی سہولیات کی ہدایت کی گئی تھی، امتحانی مراکز کو تمام امتحانی مواد سے فول پروف بنانے کے لیے احکامات ہیں۔

پشاور

پشاور میں ایم ڈی کیٹ میں 16 ہزار 502 سے زائد امیدوار حصہ لے رہے ہیں، جن میں 8 ہزار 226 طالبات ہیں، پشاور میں 19 امتحانی مراکز قائم کیے گئے ہیں، تمام مراکز میں سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں، اور داخلی راستوں پر واک تھرو گیٹس نصب ہیں۔

امتحانی مراکز کے باہر خواتین پولیس اہلکار بھی تعینات ہیں، ایم ڈی کیٹ کے دوران 28 فیڈرز پر بلاتعطل بجلی کی فراہمی جاری رہی گی، پیسکو نے لوڈ شیڈنگ نہ کرنے کی یقین دہانی کرا دی ہے، نقل کی روک تھام کے لیے خصوصی اقدامات کیے گئے ہیں، پاکٹ گائیڈز کی خرید و فروخت پر پابندی عائد کی گئی ہے، خلاف ورزی کرنے والوں سے متعدد پاکٹ گائیڈز ضبط کر لی گئی ہیں۔

امتحانی مراکز کے اطراف غیر متعلقہ افراد کے داخلے اور اجتماع پر پابندی عائد ہے، اور مراکز کے اطراف دفعہ 144 نافذ ہے، ایم ڈی کیٹ کی نگرانی کے لیے اسسٹنٹ کمشنرز کی سربراہی میں خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں، اور ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے خصوصی پلان تیار کیا گیا ہے، ٹرانس پشاور کو اضافی بسیں چلانے کی ہدایت کی گئی تھی۔ امیدواروں اور والدین کو ذاتی گاڑیوں کی بہ جائے پبلک ٹرانسپورٹ استعمال کرنے کی ہدایت کی گئی تھی۔ امتحانی ہال میں باوردی اہلکار یا سرکاری افسر داخل نہیں ہوگا۔

سندھ / کراچی

سندھ بھر میں 34 ہزار سے زائد طلبہ و طالبات ٹیسٹ میں شریک ہو رہے ہیں، ایم ڈی کیٹ کے لیے کراچی، حیدر آباد، جامشورو، لاڑکانہ، سکھر، میرپورخاص میں مراکز قائم ہیں۔

جب کہ آج صبح کراچی میں میڈیکل کالجز کے داخلہ ٹیسٹ کے لیے امتحانی مراکز تک پہنچنا خود ایک امتحان بن گیا تھا جب یونیورسٹی روڈ پر ترقیاتی کام کے باعث بدترین ٹریفک جام ہو گیا، جس کی وجہ سے والدین اور طلبہ پیدل سفر کرنے پر مجبور ہوئے، یونیورسٹی روڈ پر گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں۔

کراچی میں این ای ڈی اور ڈؤو یونیورسٹی اوجھا کیمپس میں ایم ڈی کیٹ ہو رہا ہے، این ای ڈی یونیورسٹی میں 6 ہزار طلبہ داخلہ ٹیسٹ میں شرکت کر رہے ہیں، جب کہ ڈاؤ یونیورسٹی اوجھا کیمپس میں 4964 طلبہ شرکت کر رہے ہیں۔

وائس چانسلر آئی بی اے پروفیسر آصف احمد شیخ کے مطابق کراچی میں 10 ہزار 964 طلبہ و طالبات ٹیسٹ میں شرکت کر رہے ہیں۔ سیبا ٹیسٹنگ سروسز کے مطابق تمام امتحانی مراکز پر والدین کے لیے علیحدہ انتظار گاہیں قائم کی گئی ہیں، امتحانی ہال میں امیدواروں کو ضروری اسٹیشنری اور صاف پینے کا پانی فراہم کیا جا رہا ہے۔

سکھر/لاڑکانہ

آئی بی اے یونیورسٹی سکھر میں 34 ہزار 235 امیدوار رجسٹرڈ ہیں، وائس چانسلر سکھر آئی بی اے کے مطابق 8 شہروں میں 9 سینٹرز بنائے گئے ہیں، شہید بینظیرآباد اور اسلام آباد میں بھی ایک امتحانی مراکز بنایا گیا ہے۔

لاڑکانہ میں ایم ڈی کیٹ انٹری ٹیسٹ پولیس ٹریننگ اسکول میں انعقاد کیا گیا ہے، انسٹیٹیوٹ آف بزنس ایڈمنسٹریشن کے زیر انتظام ٹیسٹ میں 3123 مرد و خواتین امیدوار شریک ہیں، ٹیسٹ کے لیے جامہ تلاشی کے بعد امیدواروں کو گراؤنڈ میں داخلے کی اجازت دی گئی۔

ساہیوال

ساہیوال میں 2 امتحانی سینٹرز قائم ہیں، طالبات کا سینٹر ڈویژنل پبلک اسکول اینڈ کالج، طلبہ کا گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج میں مقرر کیا گیا ہے، دونوں سینٹرز پر 2459 امیدوار امتحان دے رہے ہیں، اور سیف سٹی کیمروں سے مانیٹرنگ کی جا رہی ہے، اور فول پروف سیکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں، دونوں سینٹرز پر دفعہ 144 نافذ ہے اور طلبہ و طالبات کو سنٹرز تک لے جانے کے لیے شٹل سروس چلائی گئی۔

ہری پور

ہری پور ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ میں 2200 سے زائد امیدوار شریک ہو رہے ہیں، 2 امتحانی مراکز قائم کیے گئے ہیں، جن میں اتمان میرج ہال جی ٹی روڈ اور تاج محل مارکی کھلابٹ شامل ہیں، دونوں امتحانی مراکز پر پولیس کے 250 اہلکار تعینات ہیں۔

اتمان میرج ہال میں طلبہ و طالبات کے لیے 1188 نشستوں کا انتظام جب کہ تاج محل مارکی کھلابٹ میں 1088 نشستوں کا انتظام کیا گیا ہے، ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ کے موقع پر 50 خواتین پولیس اہلکار بھی تعینات ہیں، امتحانی مراکز کے داخلی راستوں پر واک تھرو گیٹس نصب کی گئیں، جب کہ ضلعی انتظامیہ نے ٹریفک پلان بھی جاری کیا۔

ماخذ: ARY News Urdu اصل خبر پڑھیں
administrator

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے