• ستمبر 23, 2026
  • آخری اپڈیٹ ستمبر 23, 2026 2:38 شام
  • پاکستان

ملزم نے تقریباً 7 سال تک یہ غیر قانونی کاروبار چلایا اور اس دوران 27 لاکھ پاؤنڈ سے زائد منافع کمایا۔

برطانیہ میں معروف عالمی گلوکاروں کے نام پر جعلی ونائل ریکارڈز تیار کر کے لاکھوں پاؤنڈ کمانے والے شخص کو عدالت نے ساڑھے 3 سال قید کی سزا سنا دی۔

40 سالہ ریحان احمد پر الزام تھا کہ اس نے دی بیٹلز، ٹیلر سوئفٹ، ایڈ شیرن، ایڈیل، آریانا گرانڈے، ڈریک، بیونسے اور ریحانہ سمیت 108 سے زائد فنکاروں کی موسیقی کے جعلی ریکارڈز تیار کر کے فروخت کیے۔

برطانوی حکام کے مطابق ملزم نے تقریباً 7 سال تک یہ غیر قانونی کاروبار چلایا اور اس دوران 27 لاکھ پاؤنڈ سے زائد منافع کمایا۔

معاملہ اس وقت سامنے آیا جب میوزک انڈسٹری کے نمائندوں نے خفیہ طور پر اس کے گودام سے ریکارڈ خریدے اور جانچ کے دوران ان کے جعلی ہونے کا انکشاف ہوا۔

بعدازاں پولیس نے لندن کے علاقے ایکٹن میں واقع گودام پر چھاپہ مار کر 2 ہزار 791 جعلی ونائل ریکارڈز برآمد کیے، جسے برطانوی پولیس نے ایک کارروائی میں جعلی ونائل ریکارڈز کی ملک کی سب سے بڑی برآمدگی قرار دیا۔

چھاپے کے دوران تقریباً 70 سال پرانی 4 ونائل پریس مشینیں، 3 ہزار دھاتی اسٹیمپرز، ہزاروں ریکارڈ کور اور لیبلز بھی قبضے میں لیے گئے، جبکہ تمام ضبط شدہ سامان کا مجموعی وزن تقریباً 18 ٹن تھا۔

حکام کا کہنا ہے کہ ملزم نے ونائل ریکارڈز کی دوبارہ بڑھتی مقبولیت کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ایک منظم جعلی کاروبار کھڑا کیا، جس سے فنکاروں، ریکارڈ لیبلز اور قانونی طور پر موسیقی فروخت کرنے والوں کو نقصان پہنچا۔

ماخذ: Express Urdu اصل خبر پڑھیں
administrator

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے