آج 46 دن گزر گئے ، آج تک میر رضا کے اہل خانہ کو انصاف فراہم نہیں کیا گیا، رہنما جماعت اسلامی
امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر نے کہا ہے کہ مقتول میررضا اپنی والدین کی آنکھوں کا تارا تھا ، ریاست اور ادارے کا کام عوام کو انصاف فراہم کرنا ہے ، وہ مجرموں کو بچا رہے ہیں ، سارے ظالم ملے ہوئے ہیں اور مظلوموں کو حق دینے کے لیے تیار نہیں۔
جماعت اسلامی میر رضا کے والد کی جدوجہد میں شانہ بشانہ ہے ۔ مقتول میر رضا علی کے والد میر حسین رضا نے گورنر ہاؤس سندھ کے باہر جاری جماعت اسلامی کے دھرنے میں شرکت کی۔
دھرنے سے خطاب میں امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر نے کہا کہ میر رضا کے اہل خانہ کا مطالبہ ہے کہ میر رضا کے قاتلوں کو گرفتار کیا جائے اور انصاف فراہم کیا جائے۔
اسٹریٹ کرائمز اور قتل و غارت گری کی بات کی جائے گی تو میر رضا کے قاتلوں کی بات بھی کی جائے گی ، آج 46 دن گزر گئے ، آج تک میر رضا کے اہل خانہ کو انصاف فراہم نہیں کیا گیا۔
اہل خانہ کا مطالبہ تھا کہ جے آئی ٹی بنائی جائے لیکن جوڈیشل کمیشن بنا دیا گیا ، قانون نافذ کرنے والے ادارے انصاف کے راستے میں رکاوٹ بنے ہوئے ہیں ، آج ایک میر گیا ہے کل کوئی اور ماں کا بیٹآ ہوگا جس کی لاش اٹھائی جا رہی ہوگی۔
ظلم کے نظام کے خلاف عدل کو قائم کرنے اور انصاف کے حصول کے لیے جدوجہد جاری رکھیں گے ، میر رضا علی کے والد میر حسین رضا نے کہا کہ میرے فخر اور غرور کو مجھ سے چھین لیا گیا۔
تمام تر غفلتیں پولیس کی جانب سے کی گئیں ، اگر میں اپنے بیٹے کی لاش تک نہیں پہنچتا تو آج میں گمشدگی کی رپورٹ درج کرواتا پھرتا ۔ ہمارا سسٹم ایسا ہوگیا ہے کہ وہ مجرموں کی پشت پناہی کررہا ہے ، جب تک میرے بیٹے کو انصاف نہیں ملے گا اس وقت تک آواز اٹھاتا رہوں گا ، جس سسٹم کے خلاف ہماری لڑائی ہے وہ پوری مشینری کے ساتھ ہمارے مقابلے میں کھڑی ہے ۔
