لانگ مارچ میں دیگر سیاسی جماعتیں بھی شریک ہوں گی، اس بار ہماری منصوبہ بندی بھی تبدیل ہوگی، وزیر اطلاعات کے پی
وزیر اطلاعات خیبر پختونخوا شفیع اللہ جان نے کہا ہے کہ جے یو آئی سے ہمارے کچھ معاملات طے پا چکے اور مثبت پیشرفت ہوئی ہے، لانگ مارچ میں سب جماعتیں شامل ہوں گی اور اب کی بار فیصلہ کن احتجاج ہوگا اور ہم اسلام آباد سے مطالبات کی منظوری تک واپس نہیں جائیں گے۔
وزیر اطلاعات خیبر پختونخوا شفیع اللہ جان نے پروگرام سینٹر اسٹیج میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کی مولانا فصل الرحمان کی جماعت جے یو آئی کے ساتھ مثبت پیشرفت ہوئی اور اس حوالے سے جلد خبریں سامنے آئیں گی۔
انہوں نے کہا کہ جے یو آئی سے کچھ معاملات طے پا چکے ہیں جبکہ باقی معاملات کے حوالے سے ملاقاتیں اور مشاورت جاری ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ میں اپوزیشن جماعتوں کا اتحاد بن چکا ہے اور اتحاد کی تشکیل ہی پی ٹی آئی کی بڑی کامیابی ہے، ہماری کوشش ہے کہ اس اتحاد کو باہر سڑکوں پر لائیں۔
انہوں نے کہا کہ اب کی بار پی ٹی آئی کا احتجاج فیصلہ کن ہو گا اور ہم ہر صورت ا سلام آباد میں داخل ہوں گے، مطالبات پورے نہ ہوئے تو اسلام آباد سے واپس نہیں جائیں گے۔ تاہم انہوں نے واضح کیا کہ ہمارے سب لوگ اسلام آباد نہیں جائیں گے، اس حوالے سے ہم نے حکمت عملی بنائی ہے، ہم نے دو سالوں میں کوئی آفیشلی کال نہیں دی تھی ،ہم نے قانونی راستے اختیار کیے، لیکن کسی جگہ سے کوئی سنوائی نہیں ہوئی،احتجاج کرنا ہمارے لیے آخری آپشن تھا۔
پی ٹی آئی لانگ مارچ کیخلاف درخواست: دلائل کےلئے2دن کی مہلت دینےکی ایڈوکیٹ جنرل کے پی کی استدعا مسترد
توقع ہے 27 ستمبر کے مارچ میں جے یو آئی اور جوائنٹ اپوزیشن شامل ہونگے، بیرسٹر گوہر
پی ٹی آئی پنجاب کا اسٹریٹ موومنٹ شروع کرنے کا فیصلہ، سہیل آفریدی کو آنے کی دعوت
ان کا کہنا تھا کہ ہمیں علم تھا کہ لانگ مارچ کی تاریخ قریب آئے گی تو نئے مقدمات درج ہوں گے، ہم نے ان چیزوں کو دیکھ کر ہی پلان بنایا ہوا ہے۔
ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ نئے الیکشن کمیشن کے تحت نئے انتخابات ہوں اور نئی حکومت بنے، اس کے بعد نئے صوبوں کے حوالے سے بات ہو، نئے صوبوں کے حوالے سے بانی جو فیصلہ کریں گے وہی ہمارا بھی ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد میں جو وفاقی حکومت کی کارکردگی ہے سب نے اُسے دیکھ لیا، ان سے دو اسپتال تک سنبھالے نہیں جا رہے۔
رہنما پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ ہم ہر سیاسی قوت سے بات کرنے کو تیار ہیں جو اس حکومت سے جان چھڑوانا چاہتی ہے، مذ ہبی جماعتوں سے بھی ہم بات کر رہے ہیں جبکہ ہم خیبر پختونخوا کی علاقائی جماعتوں سے بھی بات کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ محمود اچکزئی اور علامہ ناصر عباس صاحب آن بورڈ ہیں، سب جماعتیں ہما رے لانگ مارچ کا حصہ ضرور بنیں گی۔ لانگ مارچ کے حوالے سے ہماری تیاریاں جاری ہیں، ہم نے سندھ کا دورہ کیا ، سندھ میں ہر جگہ بانی کی بات ہو رہی تھی، اگلے ہفتے ہم پنجاب جا رہے ہیں، پھر بلوچستان جائیں گے ، اس بار کا لانگ مارچ تاریخ اور فیصلہ کن ہو گا۔
