کوشل مینڈس ٹیم کی قیادت کریں گے، تاہم ان کے نائب کپتان کا اعلان نہیں کیا گیا
سری لنکا نے پاکستان اور انگلینڈ کے خلاف ون ڈے سہ فریقی سیریز کے لیے 16 رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا جس میں اویشکا فرنینڈو کی واپسی ہوئی ہے۔ وہ فروری 2025 کے بعد پہلی بار ون ڈے میچ کھیلیں گے۔
اوپنر اویشکا فرنینڈو کو چارتھ اسالنکا کی جگہ اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔ انہوں نے حالیہ ڈومیسٹک کرکٹ میں شاندار فارم کا مظاہرہ کرتے ہوئے تین میچز میں دو سنچریاں اسکور کیں جن میں ان کا بہترین اسکور 160 رنز رہا۔ وہ میجر کلبز لمیٹڈ اوور ٹورنامنٹ میں 447 رنز کے ساتھ سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹر بھی ہیں۔
کوشل مینڈس ٹیم کی قیادت کریں گے، تاہم ان کے نائب کپتان کا اعلان نہیں کیا گیا۔ انگلینڈ کے خلاف 3-0 سے شکست کھانے والی ٹیم میں زیادہ تبدیلیاں نہیں کی گئیں جبکہ زخمی ونیندو ہسرنگا کی جگہ انگلینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز میں شامل ہونے والے سہان آراچیگے کو بھی برقرار رکھا گیا ہے۔
سہ ملکی سیریز کا آغاز 18 اکتوبر کو راولپنڈی میں پاکستان اور سری لنکا کے میچ سے ہوگا جبکہ فائنل 31 اکتوبر کو لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔
سری لنکا کے اسکواڈ میں پاتھم نسانکا، اویشکا فرنینڈو، کمیل مشرا، کوشل مینڈس (کپتان، وکٹ کیپر)، پون رتھنائیکے، سہان آراچیگے، کامندو مینڈس، جینتھ لیانگے، داسن شناکا، دونیتھ ویلالاگے، مہیش تھیکشنا، سچندو کولمبیج، دشمنتھا چمیرا، اسیتھا فرنینڈو، دلشان مدوشنکا اور ایشان مالنگا شامل ہیں۔
