• اکتوبر 6, 2026
  • آخری اپڈیٹ اکتوبر 6, 2026 7:38 شام
  • پاکستان

’’آپ کا کیمرہ، آپ کا سرکس! جو چاہیں کریں، میں کچھ نہیں کہہ سکتا، میرا اس پر کوئی کنٹرول نہیں‘‘

پاکستانی فلم اور ٹیلی وژن کے معروف اداکار و ہدایت کار شان شاہد نے سوشل میڈیا کے ذریعے شہرت حاصل کرنے والے افراد کے مین اسٹریم شوبز میں آنے کے رجحان پر اپنے خیالات کا اظہار کیا ہے۔

ایک حالیہ پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ محض مقبولیت کو طویل مدتی کامیابی سمجھنے کے بجائے فن سیکھنے اور تربیت حاصل کرنے پر توجہ دینی چاہیے۔

شان شاہد نے نئے آنے والوں اور سوشل میڈیا کری ایٹرز کی کاسٹنگ سے متعلق سوال پر کہا کہ انہیں اس بات سے کوئی سروکار نہیں کہ فلم یا ٹی وی کے کسی منصوبے میں کس شخص کو شامل کیا جا رہا ہے۔ ان کے مطابق کری ایٹرز اپنی مرضی کے فیصلے کرنے کے لیے آزاد ہیں۔

اداکار نے طنزیہ انداز میں کہا، ’’آپ کا کیمرہ، آپ کا سرکس! جو چاہیں کریں، میں کچھ نہیں کہہ سکتا، میرا اس پر کوئی کنٹرول نہیں۔‘‘ تاہم انہوں نے اس کے ساتھ یہ بھی واضح کیا کہ کسی شخص کی اچانک حاصل ہونے والی شہرت لازماً پائیدار کیریئر میں تبدیل نہیں ہوتی۔

شان کے مطابق سوشل میڈیا سے راتوں رات ملنے والی مقبولیت کی پہلی لہر انتہائی طاقتور ہوسکتی ہے، لیکن اگر اس کے پیچھے حقیقی ہنر اور باقاعدہ تربیت موجود نہ ہو تو یہ شہرت زیادہ دیر برقرار نہیں رہتی۔ ان کا کہنا تھا کہ عارضی شہرت حاصل ہوسکتی ہے، مگر ایک وقت کے بعد یہ مرحلہ ختم ہوجاتا ہے۔

انہوں نے فوری کامیابی کو شوبز کے لیے ایک بڑا المیہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ جب کوئی شخص فن کی بنیادی چیزیں سیکھے بغیر ہی مقبول ہوجائے تو اس کے لیے طویل سفر مشکل ہوسکتا ہے۔

شان شاہد نے اس حوالے سے لیجنڈری گلوکار مہدی حسن اور ملکہ ترنم نور جہاں کی مثال دی۔ ان کے مطابق آج بھی کئی دہائیاں گزرنے کے باوجود لوگ ان فنکاروں کے گیت شوق سے سنتے ہیں، کیونکہ دونوں نے اپنے فن کی مکمل تربیت حاصل کی اور موسیقی کی گہرائی، سر اور راگ کو سمجھا تھا۔

پاکستان میں سوشل میڈیا کی مقبولیت اور روایتی شوبز کے درمیان فرق بھی تیزی سے کم ہو رہا ہے۔ متعدد ڈیجیٹل کری ایٹرز ٹی وی ڈراموں کے بعد فلمی دنیا میں بھی قدم رکھ رہے ہیں۔

اسی سلسلے میں معروف یوٹیوبر رجب بٹ بھی اداکارہ امر خان کے ساتھ ایک آنے والی پاکستانی فلم کے ذریعے بڑے پردے پر نظر آنے والے ہیں۔ فلم کی ہدایت کاری سید فیصل بخاری کر رہے ہیں جبکہ اس کا اسکرین پلے سرمد ابراہیم نے تحریر کیا ہے۔

ماخذ: Express Urdu اصل خبر پڑھیں
administrator

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے