• ستمبر 18, 2026
  • آخری اپڈیٹ ستمبر 18, 2026 8:53 شام
  • پاکستان

سروسز برآمدات میں 29 فیصد، آئی ٹی برآمدات میں 17 فیصد اور فری لانسرز کی آمدن میں سالانہ بنیاد پر 42 فیصد اضافہ ہوا

پاکستان کے کرنٹ اکاؤنٹ خسارے میں سالانہ بنیاد پر اگست میں 70 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی اور بڑی صنعتوں کی پیداوار میں ماہانہ بنیاد پر 9.5 فیصد اضافہ ہوا۔

ادارہ شماریات کی جانب سے جاری اعداد وشمار کے مطابق اگست میں کرنٹ اکاؤنٹ خسارے میں سالانہ بنیاد پر 70 فیصد کمی اور دو ماہ میں کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ 36 فیصد کم ہوا ہے۔

اعداد وشمار میں بتایا گیا کہ بڑی صنعتوں کی پیداوار میں سالانہ بنیاد پر 3 فیصد اضافہ اور ماہانہ بنیاد پر 9.5 فیصد اضافہ ریکارڈ ہوا۔

اسی طرح مالی سال 2026 میں کارپوریٹ منافع میں 15 فیصد اضافہ ہوا، کمپنیوں کی نئی رجسٹریشنز میں سالانہ بنیاد پر 45 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

مزید بتایا گیا کہ دو ماہ میں ترسیلات زر17 فیصد اضافے کے ساتھ 7.3 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں۔

ادارہ شماریات کے مطابق سروسز برآمدات میں 29 فیصد، آئی ٹی برآمدات میں 17 فیصد اور فری لانسرز کی آمدن میں سالانہ بنیاد پر 42 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

اعداد وشمار کے مطابق پاکستان میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری 316 ملین ڈالر ریکارڈ کی گئی، ایف ڈی آئی میں سالانہ 80 فیصد اور ماہانہ 77 فیصد اضافہ ہوا اور روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ میں مجموعی ترسیلات 13.9 ارب ڈالر تک پہنچ گئی ہیں۔

اس حوالے سے بتایا گیا کہ پاکستان کے سسٹین ایبل پانڈا بانڈ کو کلائمیٹ بانڈز ایوارڈ سے عالمی پذیرائی ہوئی ہے، انویسٹ پاک کے ریٹیل سرمایہ کاروں کی تعداد 12 ہزار 800 تک پہنچ گئی ہے، مالی سال 2027 کے پہلے دو ماہ میں 5 آئی پی اوز مکمل ہو چکے ہیں اور مالی سال 2026 میں پاکستان میں 11 آئی پی اوز کیے گئے۔

خیال رہے کہ پاکستان کے زرمبادلہ کے سرکاری ذخائر ریکارڈ 21.4 ارب ڈالر کی سطح پر پہنچ گئے ہیں۔

ماخذ: Express Urdu اصل خبر پڑھیں
administrator

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے