پاکستان قومی ہاکی ٹیم پول بی کے میچ میں ازبکستان کے خلاف میدان میں اترے گی
جاپان کے شہر ایچی نگویا میں جاری 20ویں ایشین گیمز میں منگل کو پاکستان کے مختلف کھیلوں کے کھلاڑی اور ٹیمیں اہم مقابلوں میں مدمقابل ہوں گے۔ پاکستانی شائقین کی نظریں قومی ایونٹس اور میڈل کے میچز پر مرکز ہوں گی۔ پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم برانز میڈل کے اہم معرکے میں کوروگی ایتھلیٹک پارک گراونڈ میں بنگلہ دیش سے مقابلہ کرے گی۔
پاکستان قومی ہاکی ٹیم پول بی کے میچ میں ازبکستان کے خلاف گفو پریفیکچرل گرین اسٹیڈیم میں اترے گی۔ کبڈی میں پاکستان کا گروپ بی کے میچ میں نیپال سےٹوکائی سٹیزن جمنازیم میں مقابلہ ہوگا۔
شہسواری میں پاکستانی گھڑ سوار عثمان خان اپنے گھوڑے ایڈن ڈیو ویریٹ کے ساتھ ڈریساج اورجمپنگ کے انفرادی ایونٹس میں شرکت کریں گے۔پاکستان کی جانب سے سافٹ ٹینس کے انفرادی مقابلوں میں ایراج زیدی، محمد علی، حسین آرائیں اور کائنات شلوانی جاپان، انڈونیشیا، بھارت، تھائی لینڈ، فلپائن اور کمبوڈیا سے تعلق رکھنے والے حریفوں سے قسمت آزمائی کریں گے۔
تلوار بازی (فینسنگ) میں پاکستان کے بریال خان اور محمد یاسین خان پول 5 اور پول 6 کے انفرادی مقابلوں میں بھارت، کوریا، منگولیا، قازقستان، چین اور دیگر ممالک کے کھلاڑیوں کا سامنا کریں گے۔
ٹیبل ٹینس کا مکسڈ ڈبلز میچ نیپال کے خلاف ہوگا جبکہ باکسنگ کے 55 کلوگرام ایونٹ میں ثمامہ رحمان کا تاجکستان کے باکسر سے مقابلہ طے ہے۔ امین اللہ ووشو کے ابتدائی راؤنڈ میں ایکشن میں ہوں گے۔
